شوگر ملز بند کرکے چینی درآمد کرنے کا جائزہ لینا ہوگا: خواجہ آصف

  • اپ ڈیٹ:
خواجہ آصف ٖفائل فوٹو خواجہ آصف

پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ شوگر ملز بند کرکے چینی درآمد کرنے کا جائزہ لینا ہوگا۔


ن لیگ کے خواجہ آصف نے قومی اسمبلی کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی میں کہا کہ سیاستدانوں نے شوگر سیکٹر میں کارٹل بنا رکھے ہیں، ایک ایک سیاستدان کی 8 سے 10 شوگر ملز ہیں، زیادہ تر شوگر ملز مالکان سیاستدان ہیں، جو سیاستدان نہیں وہ بھی سیاستدانوں یا ان کی اے ٹی ایمز کے زیر اثر ہیں۔

 انہوں نے کہا کہ ملک کو شوگر ملز مالکان کے شکنجے سے نکالنے کی ضرورت ہے۔

کمیٹی کے چیئرمین رانا تنویر حسین نے کہاکہ ملک میں شوگرملز بند کردینی چاہئیں، درآمدی چینی پرکم خرچ آتا ہے تو درآمد زیادہ فائدہ مند ہے۔

ممبر قومی اسمبلی رانا تنو یر حسین کی زیر صدارت اجلاس کے دوران خوجہ آصف کا کہنا تھا کہ چند بندے ارب پتی نہیں بلکہ کھرپ پتی بن چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ملک کو شوگر ملز مالکان کے شکنجے سے نکالنے کی ضرورت ہے، شوگر ملز بند کرکے چینی درآمد کرنے اور کپاس کی کاشت بڑھانے کا جائزہ لینا ہوگا، گنا پانی زیادہ کھینچتا ہے، پانی کے ذخائر ختم ہو رہے ہیں۔

اس موقع پر چیئرمین کمیٹی کا کہنا تھا کہ گنے کے بجائے کپاس اگانا ملک کیلئے زیادہ فائدہ مند ہے۔ ملک میں کپاس سمیت زرعی شعبے میں کوئی کام نہیں ہو رہا، 60 کی دہائی کے بعد بہتر بیج سمیت زرعی تحقیق پر کوئی کام نہیں ہوا۔ کالا شاہ کاکو میں زرعی تحقیقاتی کونسل کی زمینوں پر قبضہ ہو چکا ہے۔

install suchtv android app on google app store