نئے ڈی جی آئی ایس آئی کے تقرر کے لیے قانونی طریقہ کار اختیار کیا جائے گا: وزیر اطلاعات

  • اپ ڈیٹ:
وزیر اطلاعات فواد چوہدری فائل فوٹو وزیر اطلاعات فواد چوہدری

وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے گزشتہ رات آرمی چیف قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی، پاکستان کی سول اور ملٹری کے درمیان بہت آئیڈیل تعلقات ہیں اور نئے ڈی جی آئی ایس آئی کی تقرری کے لیے قانونی طریقہ کار اختیار کیا جائے گا۔

کابینہ کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ رحمت اللعالمین اتھارٹی نصاب پر مشورے دے گی اور دنیا میں اسلام کا اصل تشخص اجاگر کرنے کے لیے اقدامات کرے گی اور بڑھتے ہوئے اخلاقی جرائم میں کمی کے لیے اعتدال اور میانہ روی کے رجحان کو بڑھانے کے لیے کام کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ اس ملک میں لوگ نبی اکرمﷺ سے دیوانہ وار محبت کرتے ہیں اور وہ رحمت اللعالمین ہیں لیکن یہ تشخص پاکستان میں آج تک اجاگر نہیں کیا گیا، اس اتھارٹی کو قائم کرنے کا بنیادی مقصد یہ ہے کہ ہم سیرت النبیﷺ سے سبق سیکھیں اور اس کو اپنی عمومی زندگی میں لانے کی کوشش کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ کوئی عام اتھارٹی نہیں ہو گی بلکہ اس میں دنیا اور پاکستان کے صف اول کے دانشور شامل ہوں گے، یہ سوچا سمجھا بیانیہ ہے اور ہم لوگوں کو بتائیں کہ کس طرح اسلام محبت اور رحم کے راستے پر پھیلا تھا۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ کابینہ کو الیکٹرانک ووٹنگ مشین متعارف کرانے اور بیرون ملک پاکستان کو ووٹ کا حق دینے کے حوالے سے بریفنگ دی گئی، کابینہ کا کوئی بھی اجلاس ایسا نہیں جس میں ہم انتخابی اصلاحات اور بیرون ملک پاکستانیوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے بات نہ کی ہو اور ہم آج بھی اس بات پر قائم ہیں کہ بیرون ملک پاکستانیوں کو ووٹ کی سہولت دینی ہے تاکہ وہ ووٹ دے سکیں۔

انہوں نے وزیر اعظم نے ڈی جی آئی ایس آئی کے حوالے سے کابینہ کو اعتماد میں لیا، گزشتہ رات وزیراعظم اور آرمی چیف قمر جاوید باجوہ کے درمیان طویل ملاقات ہوئی، آرمی چیف اور وزیراعظم کے آپس میں بہت قریبی اور خوشگوار تعلقات ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ پاکستان کی تاریخ کے ضمن میں بھی بہت اہم ہے کہ پاکستان کی سول اور ملٹری کے درمیان بہت آئیڈیل تعلقات ہیں، وزیر اعظم آفس کبھی بھی کوئی ایسا قدم نہیں اٹھائے گا جس سے پاکستان کی فوج یا پاکستان کے سپہ سالار کی عزت میں کمی ہو اور پاکستان کی فوج یا سپہ سالار بھی کوئی ایسا قدم نہیں اٹھائیں گے جس سے وزیر اعظم یا سول سیٹ اپ کی عزت میں کمی ہو۔

فواد چوہدری نے کہا کہ دونوں کا ایک دوسرے قریبی رابطہ اور تعلق ہے اور نئے ڈی جی آئی ایس آئی کی تقرری کے لیے قانونی طریقہ کار اختیار کیا جائے گا اور اس پر بھی دونوں کا اتفاق رائے ہے۔

انہوں نے کہا کہ نئے ڈی جی آئی ایس آئی کی تقرری وزیر اعظم کی اتھارٹی ہے، تقرر ہمیشہ وسیع البنیاد مشاورت کی بنیاد پر ہوتا ہے اور ڈی جی آئی ایس آئی کی تقرری قانونی طور پر تمام چیزیں مکمل کرنے کے بعد ہو گی۔

install suchtv android app on google app store