ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی تدفین فیصل مسجد کے احاطے میں کی جائے گی، وزیراعظم

  • اپ ڈیٹ:
محسن پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر خان فائل فوٹو محسن پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر خان

وزیراعظم عمران خان نے اعلان کیا ہے کہ محسن پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی تدفین ان کی خواہش کے مطابق فیصل مسجد کے احاطے میں کی جائے گی۔

معروف جوہری سائنسدان طویل علالت کے باعث اتوار کی صبح وفات پاگئے تھے، ان کی عمر 85 برس تھی۔

اپنے پیغام میں وزیر اعظم نے کہا کہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی وفات سے بہت دکھ ہوا، ملک کو جوہری ریاست بنانے میں ان کی گراں قدر خدمات کے سبب پوری قوم ان سے محبت کرتی تھی۔

نماز جنازہ اور تدفین سے متعلق معاملات کے بارے میں وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے بتایا کہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی تدفین مکمل سرکاری اعزاز کے ساتھ کی جائے گی۔

ایک ٹوئٹر پیغام میں انہوں نے بتایا کہ وزارت داخلہ نے دوپہر 12 بجے کیپٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کے ہیڈ کوارٹر میں ایک اجلاس طلب کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ محسن پاکستان کی نماز جنازہ ساڑھے 3 بجے فیصل مسجد میں اداکی جائے گی اور اجلاس میں نماز جنازہ کے انتظامات کو حتمی شکل دی جائے گی۔

 

install suchtv android app on google app store