الیکشن کمشنر نے اپنی رپورٹ میں ای وی ایم کی فائنڈنگ شامل نہیں کیں: وزیر اطلاعات

وزیر اطلاعات فواد چوہدری فائل فوٹو وزیر اطلاعات فواد چوہدری

وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے الیکشن کمشنر کے’کنڈیکٹ‘ تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے الزام لگایا ہے کہ الیکشن کمیشن نے اپنی رپورٹ میں الیکٹرانک ووٹنگ مشین (ای وی ایم) کے حق میں موجود ڈیٹا یا فائنڈنگ کو حذف کردیا تھا۔

سینیٹر شبلی فراز کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے کہا کہ رپورٹ میں ایسے اعتراضات لگائے جس کی بنیاد پر وہ فیصلہ کرچکے تھے کہ ہم نے ای وی ایم کے خلاف رپورٹ دینی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسمارٹ نامی ایک کمپنی نے الیکشن کمیشن کو بریفنگ دی تھی کہ فلپائن میں 2007 میں روایتی انداز میں ہونے والے انتخابات کے نتائج آنے میں 6 ہفتے لگے تھے، 2010 میں پہلا جبکہ 2019 میں دوسرا الیکشن ای وی ایم پر کیا اور چند گھنٹوں میں نتائج سامنے آگئے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ فلپائن کی عوام نے ای وی ایم پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا تھا، 2019 میں انتخابی اعتراض کی تعداد صرف 19 تھیں۔

ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن نے اہم مواد کو اپنی رپورٹ میں شامل نہیں کیا اور اسے نکال دیا، ای وی ایم پر بحث کا آغاز 2011 سے شروع ہوا اور اس ضمن میں پائلٹ پراجیکٹس بھی ہوئے۔

انہوں نے الیکشن کے دیگر دو اراکین کو مخاطب کرکے کہا کہ ’آپ الیکشن کمشنر کے فیصلے پر نظرثانی کے لیےآگے بڑھیں‘۔

وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے افسوس کا اظہار کیا کہ نادرا اور الیکشن کمیشن کے مابین تنازع کئی مسائل پیدا کردے گا، اگر الیکشن کمیشن اگر ٹیکنالوجی کو ناکام بنانے میں مصروف ہوجائے گا تو ایک اور بڑا تنازع کھرا ہو جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کے بعض اراکین نے فلپائن میں ای وی ایم کا جائزہ لیا تھا اور پاکستان آکر انہوں نے اس کی تعریف بھی کی تھی۔

فواد چوہدری نے اپوزیشن کو مخاطب کرکے کہا کہ ’میں ان سے کہتا ہوں کہ وہ زندگی میں کبھی اپنے پاؤں سے آگے دیکھنے کی صلاحیت پیدا کرے، اسی طرح اپوزیشن نے میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی قانون کا مسودہ پڑھے بغیر دھرنے میں بیٹھ گئے اور اب صحافیوں کی نمائندہ تنظیموں حکومت کی جوائنٹ کمیٹی کا حصہ ہیں، اس صورتحال میں اپوزیشن کی حیثیت کیا رہ جاتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر ایک شیطان دھرنا شروع کردیے تو پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زراری اور مسلم لیگ (ن) کے صدر اور نائب صدر مریم نواز شیطان کے دائیں اور بائیں دھرنے میں بیٹھ جاتے ہیں۔

فواد چوہدری نے کہا کہ اب ای وی ایم نظام کے اطلاق کا وقت آگیا ہے، ہر شخص متفق ہے کہ الیکشن اصلاحات وقت کی اہم ضرورت ہے اور اگر اپوزیشن کو ترامیم درکار ہیں تو وہ بتائیں۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی منظوری کے بعد بل سینیٹ میں منسوخ ہوگیا لیکن پارلیمنٹ کے جوائنٹ سیشن میں لائیں گے اور پارلیمان کا فیصلہ حمتی ہوگی اس میں الیکشن کمیشن کا کوئی دخل نہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ سینیٹ کے انتخاب میں ٹیکنالوجی کا استعمال نہ کرکے الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ کے فیصلے کی نافرمانی کی اور ہم الیکشن کمیشن کے خلاف عدالت بھی جا سکتے تھے لیکن ہم تحمل کا مظاہرہ کیا۔

فواد چوہدری نے کہا کہ الیکشن کمیشن کو اپنے رویے پر سنجیدگی سے غور کرنا چاہیے کیونکہ 2023 کے انتخابات، انتخابی اصلاحات کے بعدہی ہوں گے اس کے علاوہ کوئی چارہ نہیں ہے۔

ای وی ایم کے معاملے میں الیکشن کمیشن نے تعاون نہیں کیا، شبلی فراز

علاوہ ازیں وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی شبلی فراز نے کہا کہ ای وی ایم کے معاملے میں الیکشن کمیشن نے تعاون نہیں کیا، الیکشن کمشنر نے غیر سرکاری طور پر 37 نکات پر مشتمل اعتراضات کی فہرست دے دی۔

انہوں نے کہا کہ 37 سے 27 اعتراضات دراصل الیکشن کمیشن کے اپنے خلاف چارج شیٹ تھے جبکہ دیگر اعتراضات تکنیکی نوعیت کے تھے جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ الیکشن کمیشن نے ای وی ایم کو دیکھنے کی زحمت ہی نہیں کی۔

شبلی فراز نے 10 اعتراض کا انتہائی مختصر انداز میں جواب دیتے ہوئے کہا کہ ’ووٹ اور ووٹر کی معلومات خفیہ رہے گی، شفافیت 100 فیصد ہے، ہیک نہیں کی جاسکتی، مشین غیر جانبدارہے اور دوبارہ استعمال بھی کی جا سکتی ہے کیونکہ ای وی ایم مقامی سطح پر تیار کی گئی ہے‘۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمارا مقصد شفاف انتخابات کرانا ہیں، آپ ہماری تیار کردہ مشین مت استعمال کریں لیکن پھر دوسری مشینوں پر غور کریں، دراصل بات نیت کی ہے لیکن پاکستان میں اپوزیشن انتہائی نالائق بچوں کی طرح ہے۔

سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ ایک ماحول بنانے کی سعی جاری ہے جس سے لگتا ہے کہ الیکشن کمیشن ای وی ایم کے استعمال کا خواہش مند نہیں ہے، وہ وقت گزارنے کے بعد کہیں گے کہ اچھا بات تو ٹھیک ہے لیکن اب ہمارے پاس وقت نہیں ہے۔

انہوں نے الیکشن کمیشن کو مخاطب کرکے کہا کہ شفاف انتخابات کرانے کی کوشش میں الیکشن کمیشن کا تاریخ میں لکھا جائے تو انہیں ای وی ایم یا ٹیکنالوجی کے بارے میں کچھ کرنا چاہیے۔

install suchtv android app on google app store