وزیراعظم عمران خان کو روسی صدر کا ٹیلی فون، دو طرفہ تعلقات اور افغانستان کی صورتحال پر گفتگو

وزیراعظم عمران خان اور روسی صدر ولادی میر پیوٹن فائل فوٹو وزیراعظم عمران خان اور روسی صدر ولادی میر پیوٹن

وزیراعظم عمران خان سے روسی صدر ولادی میر پیوٹن کا ٹیلی فونک رابطہ کرکے افغانستان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا ہے۔

وزیراعظم عمران خان کو روس کے صدر ولادی میرپیوٹن نے ٹیلی فون کیا ہے۔ ٹیلی فونک رابطے میں دونوں رہنماؤں کے درمیان افغانستان کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم نے علاقائی سلامتی اور خوشحالی کے لیے افغانستان میں امن واستحکام کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور روس کے درمیان افغانستان کی صورت حال میں قریبی رابطہ اور مشاورت انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔

ٹیلی فونک رابطے میں دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تعلقات پر بھی بات چیت کی گئی جب کہ پاک روس تعلقات کے فروغ اور شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس سے متعلق بھی تبادلہ خیال کیا گیا ۔

اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے افغانستان کو انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امداد کی فوری فراہمی اور معاشی بحران سے بچنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دنیا کو افغانستان کے عوام کو اس اہم موڑ پر تنہا نہیں چھوڑنا چاہیے اور عالمی برادری کو افغانستان سے متعلق کردار ادا کرنا چاہیے۔

وزیراعظم نے روس کے ساتھ تعلقات کے مزید فروغ کے پاکستان کے عزم کو دہراتے ہوئے کہا کہ پاکستان تجارت، سرمایہ کاری اور توانائی کے شعبہ میں روس کے ساتھ تعاون کو مضبوط کرنا چاہتا ہے۔ وزیراعظم نے گیس پائپ لائن منصوبے کو جلد از جلد عملی جامہ پہنانے کے حکومتی عزم کا اظہار کیا۔

وزیر اعظم نے دونوں ممالک کے مابین مختلف شعبوں میں مزید تعاون پر زور دیا۔ وزیراعظم نے روسی صدر پیوٹن کو دورہ پاکستان کی دعوت دی جب کہ صدر پیوٹن نے بھی وزیراعظم عمران خان کو دورہ روس کی دعوت دی۔

install suchtv android app on google app store