ملک بھر میں کنٹونمنٹ بورڈز انتخابات کیلئے پولنگ جاری، سیکیورٹی کے سخت انتظامات

کنٹونمنٹ بورڈزکے انتخابات فائل فوٹو کنٹونمنٹ بورڈزکے انتخابات

پاکستان بھر میں کنٹونمنٹ بورڈزکے انتخابات کے لیے پولنگ کا آغاز ہو گیا ہے۔  پولنگ کا عمل صبح 8 بجے شروع ہوا جو شام 5 بجے تک جاری رہے گا۔

ملک کے41 کنٹونمنٹ بورڈز کے 206 وارڈز میں 1560 امیدوار میدان میں ہیں، پولنگ کا عمل صبح 8 بجے شروع ہوا جو شام 5 بجے تک جاری رہے گا۔

کنٹونمنٹ بورڈز الیکشن میں حصہ لینے والے 7 امیدوار بلا مقابلہ منتخب ہوچکے ہیں جب کہ کامرہ کنٹونمنٹ بورڈ میں انتخاب نہیں ہو رہا، اس کے علاوہ راولپنڈی اورپنوں عاقل کےایک ایک وارڈ میں بھی انتخاب ملتوی ہو چکا ہے۔

ملک بھر کے کنٹونمنٹ بورڈز کے انتخابات کے لیے پولنگ کے موقع پر سکیورٹی کے بھی سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔

الیکشن کمیشن کی طرف سے صوبائی حکومتوں کو انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز پر کیمرے نصب کرنے کی ہدایت کی گئی ہے اور کہا گیا ہے کہ پریزائیڈنگ افسران گنتی کے بعد پولنگ اسٹیشنز پر نتائج کا اعلان کریں گے، تمام پولنگ ایجنٹس اور امیدوار نتیجے کی کاپی پریزائیڈنگ افسران سے حاصل کریں گے۔

کنٹونمنٹ بورڈزکے الیکشن میں ملک بھر سے 684 آزاد امیدوار میدان میں ہیں جبکہ سیاسی جماعتوں کے بھی 876 امیدوار پنجہ آزمائی کر رہے ہیں۔

سب سے زیادہ تعداد پاکستان تحریک انصاف کے امیدواروں کی ہے جو 183 ہے، پاکستان مسلم لیگ ن کے144،پاکستان پیپلز پارٹی کے 113 اور جماعت اسلامی کے 104 امیدوار میدان میں ہیں۔

کالعدم تحریک لبیک پاکستان کے 83 امیدوار بھی الیکشن لڑ رہے ہیں، متحدہ قومی موومنٹ کے 42، پاک سرزمین پارٹی کے35، مسلم لیگ ق کے 34 اور جے یو آئی ف کے 25 امیدوار الیکشن لڑ رہے ہیں۔

install suchtv android app on google app store