بیرون ملک پھنسے پاکستانیوں کو وطن لانے کے لیے حکومت کا بڑا فیصلہ

ائیر پورٹ فائل فوٹو ائیر پورٹ

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے بیرون ملک پھنسے پاکستانیوں کو وطن لانے کے لیے بڑا فیصلہ کر لیا ہے، این سی او سی کی ہدایت پر بین الاقوامی فلائٹ آپریشن کو بڑھا کر 50 فی صد کر دیا گیا۔

اسلام آباد میں این سی او سی کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں کہا گیا کہ بیرون ملک پھنسے ہوئے پاکستانیوں کو نکالنے کے لیے فلائٹ آپریشن میں اضافہ کر دیا گیا ہے، اس فیصلے کا اطلاق 15 جولائی 2021 سے ہو گا۔

این سی او سی کے مطابق اس اضافے سے روزانہ مزید 2500 سے 3000 افراد پاکستان آ سکیں گے، اس سلسلے میں اضافی انتظامات کے لیے ایئر پورٹ اور دیگر متعلقہ اداروں کو اقدامات کرنے کی ہدایات بھی جاری کر دی گئی ہیں۔

این سی او سی کا کہنا ہے کہ یکم اگست سے اندرون ملک ہوائی سفر کے لیے بھی ویکسین لازمی شرط ہوگی، جب کہ عید پر سیاحتی مقامات کے تمام راستوں پر سخت چیکنگ کی ہدایات جاری کی گئیں، اور تمام سیاحتی مقامات پر جانے والے افراد کے لیے ویکسینیشن لازمی ہوگی۔

دوسری طرف کرونا ایس او پیز پہ عمل درآمد کے لیے پاکستان آرمی سے مدد لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے، کرونا پھیلاؤ کو روکنے کے لیے ہیٹ میپس کی مدد سے اسمارٹ لاک ڈاؤنز کا نفاذ جاری رہے گا۔

این سی او سی نے بھی بتایا کہ پاکستان نے 2 کروڑ سے زائد ویکسین ڈوزز لگانے کا سنگ میل عبور کر لیا ہے، گزشتہ روز 5 لاکھ 25 ہزار سے زائد افراد کو کرونا ویکسین لگائی گئی، جب کہ یکم جولائی سے اب تک 40 لاکھ سے زائد ویکسین لگائی جا چکی ہیں۔

install suchtv android app on google app store