صدر مملکت کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس، کراچی ٹرانسفارمیشن پلان پر تبادلہ خیال

  • اپ ڈیٹ:
صدر مملکت کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس فائل فوٹو صدر مملکت کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی زیر صدارت گورنر ہاؤس کراچی میں اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا جس میں کراچی کے بنیادی ڈھانچے سے متعلق مسائل کے حل کے لیے کراچی ٹرانسفارمیشن پلان پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اجلاس میں کورونا کی نئی لہر کی وجہ سے کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسز پر بھی گفتگو کی گئی ۔

صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کراچی کی ترقی سے وابستہ ہے، اہلِ کراچی کی حالت زار کو مزید نظرانداز نہیں کیا جاسکتا، وفاقی حکومت کراچی کے مسائل کے حل کے لیے اپنا بھر پور کردار ادا کررہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں پانی کی بچت اور محتاط استعمال کی ضرورت ہے، افسوس ہے کہ ماضی میں پانی کی بچت کے لیےکراچی میں کوئی منصوبہ تشکیل نہیں دیا گیا۔

گورنر سندھ عمران اسماعیل نے صدر کو کراچی میں پینے کے صاف پانی ، سیوریج ، ٹھوس کچرے کے انتظام ، نقل و حمل سے متعلق مسائل اور وفاقی حکومت کے اقدامات پر بریفنگ دی۔

وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا کہ مُلک میں کورونا کی چوتھی لہر کی واضح علامات ظاہر ہو رہی ہیں،ملک میں کورونا ایس او پیز پر عمل نہ کرنے اور وائرس کی بھارتی قسم کی وجہ سے کورونا مریضوں کی تعداد بڑھ رہی ہے،عوام کو جلد سے جلد اپنے آپ کو کورونا سے بچاؤ کے حفاظتی ٹیکے لگوائیں۔

صدر مملکت نے کہا کہ عوام وائرس کے پھیلاؤ کی روک تھام کے لیے این سی او سی کی ہدایات پر عمل کریں، مؤثر فیصلہ سازی سے پاکستان دوسرے ممالک کے برعکس سنگین صورتحال سے محفوظ رہا۔

install suchtv android app on google app store