بجٹ قومی اسمبلی اور صوبوں سے بھی پاس ہوگا، اپوزیشن بس شور کرے گی: شیخ رشید

 شیخ رشید فائل فوٹو شیخ رشید

وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ بجٹ قومی اسمبلی اور صوبوں سے بھی پاس ہوگا، اپوزیشن بس شور کرے گی۔

وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ بجٹ کے دوران ہمیشہ اپوزیشن شور شرابہ کرتی ہے، گزشتہ بجٹ میں بھی وزیر خزانہ کو بولنے نہیں دیا جارہا تھا، اپوزیشن نام کی کوئی چیز نہیں ہے بس اسمبلی ٹکٹ کے لیے بھاگ دوڑ ہے۔

شیخ رشید نے کہا کہ معیشت کو بہتر کرنے میں حفیظ شیخ کا بھی عمل دخل ہے، وزیر خزانہ شوکت ترین نے کسانوں، چھوٹے گھروں کے لیے کام کیا ہے، انہوں نے غریب طبقے کے لیے جو اعلانات کیے اچھی بات ہے۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ بجٹ میں ایم ایل ون کے لیے پیسے رکھے گئے ہیں جو بڑی بات ہے، ایم ایل ون سے بہت سے لوگوں کو روزگار ملے گا، ایم ایل ون کی فزیبلٹی بناتے وقت نئی لائن کا سوچنا چاہیے تھا، ریل کی اسپیڈ کے انحصار پر ہی انفرا اسٹرکچر کی بہتری ہے۔

واضح رہے کہ وزیرخزانہ شوکت ترین نے 8 ہزار 487 ارب روپے کا وفاقی بجٹ پیش کیا۔ اگلے مالی سال کیلئے معاشی ترقی کا ہدف 4.8 فیصد رکھا گیا ہے، وفاقی سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں 10 فیصد اضافہ اور کم سے کم تنخواہ 20 ہزار روپے ماہانہ مقرر کی گئی ہے۔

وفاقی بجٹ میں کووڈ ایمرجنسی ریلیف فنڈ کیلئے 100ارب روپے مختص کیے گئے ہیں جبکہ مقامی حکومتوں کے انتخابات اور نئی مردم شماری کیلئے پانچ پانچ ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔

پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائنز (پی آئی اے)کیلئے 20 ارب اور اسٹیل ملز کے لیے 16ارب روپے امداد کی تجویز رکھی گئی ہے۔

اینٹی ریپ فنڈ کیلئے 10 کروڑ روپے، ہائر ایجوکیشن کمیشن کیلئے 66 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں، بجٹ تقریر میں وزیر خزانہ نے کہا کہ تنخواہ دار طبقے پر کوئی نیا ٹیکس نہیں لگایا جائے گا۔

install suchtv android app on google app store