منگلا ڈیم میں اس وقت 82 فیصد پانی کی کمی ہے، فردوس عاشق اعوان

منگلا ڈیم میں اس وقت 82 فیصد پانی کی کمی ہے،  فردوس عاشق اعوان فائل فوٹو منگلا ڈیم میں اس وقت 82 فیصد پانی کی کمی ہے، فردوس عاشق اعوان

وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ پہاڑوں میں برف نا پگھلنے کی وجہ سے پانی کی کمی کاسامنا ہے، پانی کی تقسیم سے متعلق سندھ نے جھوٹ بولا ہے۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کا پانی کی غیر منصفانہ تقسیم کاالزام بے بنیاد ہے۔ منگلا ڈیم میں اس وقت 82 فیصد پانی کی کمی ہے۔سندھ وہ ضدی بچہ ہے جو زیادہ حق لینے کے باوجود راضی نہیں ہوتا۔

معاون خصوصی نے کہا کہ پنجاب نے ہمیشہ قربانی دی ہے۔ پنجاب نے چھوٹے بھائیوں کو سینے سے لگایا ہے۔ ارسا نے پنجاب کے ساتھ سوتیلی ماں کا جیسا سلوک کیا ہے۔

دوسری جانب آج پانی کی صورتحال پر غور کرنے کيلئے ارسا کا اجلاس ہوا۔

ارسا اجلاس میں پانی کی صورتحال سے متعلق 21 مئی کے فيصلوں پر عملدرآمد جاری رکھنے کا فيصلہ کیا گیا۔

ارسا کے مطابق ممبر سندھ اسمبلی نے پنجاب کے تونسہ پنجند لنک کينال سے 500 کيوسک پانی استعمال کرنے پر اعتراض کیا۔ آج کے اجلاس ميں ارسا ممبران ميں کوئی تلخ کلامی نہیں ہوئی۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز وفاقی وزیربرائے بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے کہا تھا کہ سندھ پانی کی کمی کی وجہ سے سراپا احتجاج ہے۔ سندھ میں سکھر سے نیچے 50 فیصد پانی چوری ہو رہا ہے۔
وفاقی وزیر ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے کہا تھا کہ پورے زیریں سندھ میں لوگوں کا معاشی قتل ہو رہا ہے۔ ہم ووٹ لیتے ہیں اور اگر عوام کے حقوق کی بات نہ کریں تو یہ جرم ہوگا۔

ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے کہا تھا کہ سندھ میں طوفان کی خبریں تھیں لیکن صوبائی حکومت کی کوئی تیاری نہیں تھی۔

جی ڈی اے سے تعلق رکھنے والی وفاقی وزیر ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے دعویٰ کیا تھا کہ حکومت سندھ نے کوٹری بیراج کی زمینوں پر چاول کی کاشت پہ پابندی عائد کردی ہے۔وفاقی وزیر ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے یہ بات ایک ایسے وقت میں کہی ہے کہ جب سندھ کے وزیر زراعت اسماعیل راہو نے الزام عائد کیا ہے کہ پنجاب اس وقت پانی دیتا ہے جب سیلاب آتا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ ارسا سندھ کے خلاف سازش کر رہا ہے۔

گزشتہ روز پاکستان پیپلزپارٹی سے تعلق رکھنے والے صوبائی وزیر زراعت اسماعیل راہو نے سندھ اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے الزام عائد کیا تھا کہ سندھ کے پانی پر ڈاکہ ڈالا جا رہا ہے۔

اسماعیل راہو نے کہا تھا کہ سندھ کا پانی سندھ کو ہی ملنا چاہیے اور ہم اپنا حق لے کر رہیں گے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ ارسا سندھ کے خلاف سازش کررہا ہے۔

install suchtv android app on google app store