ختم نبوتﷺ کے قانون پر سمجھوتا نہیں ہو گا، وزیراعظم کا یورپی پارلیمنٹ کو جواب

ختم نبوتﷺ کے قانون پر سمجھوتا نہیں ہو گا، وزیراعظم کا یورپی پارلیمنٹ کو جواب فائل فوٹو ختم نبوتﷺ کے قانون پر سمجھوتا نہیں ہو گا، وزیراعظم کا یورپی پارلیمنٹ کو جواب

وزیراعظم عمران خان نے واضح کیا ہے کہ ختم نبوتﷺ کے قانون پر سمجھوتا نہیں ہو گا۔

یورپی یونین کی پارلیمنٹ میں جی ایس پی پلس سے متعلق قرارداد کے معاملے پر وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت اجلاس ہوا۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں یورپی یونین کی قرارداد میں اٹھائے گئے نکات سے متعلق مشاورت کی گئی۔

اجلاس میں یورپی یونین کے تحفظات دور کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

جبری گمشدگی، صحافیوں کے تحفظ، آزادی اظہار کے قوانین جلد پارلیمنٹ میں لانے کا فیصلہ کیا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا ہے کہ اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں رائے دی گئی کہ جی ایس پی پلس معاہدے کا توہین رسالت قوانین سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

خیال رہے یورپی پارلیمنٹ نے جمعرات کو ایک قرارداد منظوری کی تھی جس میں پاکستان کو دیے گئے جی ایس پی پلس سٹیٹس پر نظرثانی کرنے کا کہا گیا تھا۔

قرار داد میں کہا گیا تھا کہ ملک میں ایسے قوانین ہیں جو کہ اقلیتوں اور بنیادی حقوق کے منافی ہیں۔

جس پر پاکستان کے ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان ایک پارلیمانی جمہوری ملک ہے جہاں ایک متحرک سول سوسائٹی، آزاد میڈیا اور ایک خودمختار عدلیہ موجود ہیں جو کہ بلا کسی تفریق ملک کے تمام شہریوں کے بنیادی حقوق کے ضامن ہیں۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ ’ہمیں فخر ہیں کہ ہماری اقلیتوں کو مساوی حقوق حاصل ہیں اور ان کے بنیادی آزادیوں کے تحفظ کی ضمانت آئین میں دی گئی ہے۔‘

ترجمان نے کہا کہ پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان دوطرفہ تعلقات بشمول جمہوریت، قانون کی حکمرانی، گورننس اور انسانی حقوق پر بات چیت کے لیے کئی دو طرفہ فورمز اور میکینزم موجود ہیں۔ ’ہم تمام باہمی دلچسپی کے امور پر یورپی یونین کے ساتھ مثبت بات چیت جاری رکھیں گے۔‘

install suchtv android app on google app store