وزیراعظم عمران خان کی چمن دھماکے کی شدید مذمت، قیمتی جانوں کے نقصان پراظہارِ افسوس

بلوچستان کے شہر چمن میں بم دھماکہ فائل فوٹو بلوچستان کے شہر چمن میں بم دھماکہ

وزیر اعظم عمران خان نے بلوچستان کے شہر چمن میں بم دھماکے کی شدید مذمت کر دی ہے۔

وزیر اعظم عمران خان نے چمن میں مال روڈ پر موٹر سائیکل بم دھماکے میں جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے دھماکے کی شدید مذمت کی ہے، وزیر اعظم عمران خان نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا بھی کی۔

گورنر بلوچستان امان اللہ یاسین زئی نے بھی چمن دھماکے کی مذمت کی ہے، انھوں نے قیمتی جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا، اور کہا دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کو ناکام بنائیں گے، اور واقعے میں ملوث عناصر کو جلد گرفتار کر کے کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔

بلوچستان کے شہر چمن میں مال روڈ پر دھماکا ہوا ہے، جس کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق اور 10 زخمی ہوئے، زخمیوں میں اے این ایف اہل کار بھی شامل ہیں۔

مزید پڑھیں: بلوچستان پھر دہشت گردوں کے نشانے پر، چمن بم دھماکے میں 5 افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی

ضلع قلع عبداللہ کے شہر چمن میں مال روڈ پر دھماکے سے متعلق پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکا ریمورٹ کنٹرول تھا، اور بم ایک موٹر سائیکل میں نصب کیا گیا تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکے میں اے این ایف کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا، دھماکے میں اے این ایف کی گاڑی تباہ ہو گئی اور 3 اہل کار زخمی ہو گئے، جنھیں کوئٹہ منتقل کر دیا گیا ہے۔

ریسکیو ذرایع کا کہنا تھا کہ دھماکے میں زخمی ہونے والے افراد کو ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جن میں 8 افراد کی حالت تشویش ناک ہے۔

دھماکے کے بعد سیکورٹی اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا، شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر سیکورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے، دھماکے کی نوعیت جاننے کے لیے شواہد بھی اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔

دھماکا اتنا شدید تھا کہ اس سے قریبی عمارتوں کے شیشے بھی ٹوٹ گئے، موٹرسائیکلوں اور گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا، ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔

install suchtv android app on google app store