بلوچستان عوامی پارٹی نے وفاقی حکومت سے علیحدگی کا کوئی فیصلہ نہیں کیا

وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان فائل فوٹو وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان

وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہا ہے کہ بلوچستان عوامی پارٹی کی جانب سے وفاقی حکومت سے علیحدگی کا کوئی اعلان کیا گیا ہے اور نہ ہی کوئی ایسا فیصلہ کیا گیا ہے۔

وزیر اعلیٰ جام کمال خان نے بلوچستان ڈیلی نیوز پیپر ایڈیٹرز کونسل کے ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے علم میں بھی ہے کہ ہم پی ایس ڈی پی کے معاملے پر بات کریں گے اور احتجاج بھی کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا احتجاج صرف پی ایس ڈی پی کے لیے ہے تو بات بھی صرف پی ایس ڈی پی پر ہی کریں گے، یہ نہیں کہ احتجاج کی آڑ میں وزارت یا کوئی اور فائدہ لے کر چپ ہوجائیں۔

وزیر اعلیٰ کا کہنا تھاکہ وفاقی وزیر اسد عمر نے یقین دلایا ہے کہ بلوچستان کے منصوبوں کے اس سال ستمبر میں ٹینڈر کردیے جائیں گے، وفاقی اور صوبائی حکام منصوبوں کی پیشرفت کے حوالے سے ہر ماہ جائزہ اجلاس منعقد کریں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ این ایف سی میں بلوچستان کے حصے کو آئینی تحفظ حاصل ہے ، یہی وجہ ہے کہ ہمیں اوور ڈرافٹ کی طرف جانے کی ضرورت نہیں، بجٹ کے خسارے کو پورا کرنے کے لیے منصوبہ بندی تیار کی ہوئی ہے۔

خیال رہے کہ چند روز قبل بلوچستان نیشنل پارٹی (مینگل گروپ) نے پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کے ساتھ کیے گئے حکومتی اتحاد سے علیحدگی کا اعلان کیا تھا۔

قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے سردار اختر مینگل کا کہنا تھا کہ میں آج ایوان میں پی ٹی آئی اتحاد سے علیحدگی کا اعلان کرتا ہوں۔

install suchtv android app on google app store