عبدالقدوس بزنجو اسپیکر بلوچستان اسمبلی منتخب

بلوچستان اسمبلی فائل فوٹو بلوچستان اسمبلی

سابق وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو بلوچستان اسمبلی کے 15 ویں اسپیکر منتخب ہو گئے۔

اسپیکر بلوچستان اسمبلی کے لیے ہونے والی ووٹنگ میں 59 اراکین نے ووٹ کاسٹ کیے جب کہ مسلم لیگ ن کے نواب ثناءاللہ زہری ووٹ کاسٹ کرنے کے لیے ایوان نہیں آئے۔

بلوچستان عوامی پارٹی کے عبدالقدوس بزنجو 39 ووٹ لے کر اسپیکر منتخب ہوئے جب کہ ان کے مد مقابل جمعیت علمائے اسلام (ف) کے محمد نواز 20 ووٹ حاصل کرسکے۔

بعدازاں سبکدوش اسپیکر راحیلہ درانی نے عبدالقدوس بزنجو سے ان کے عہدے حلف لیا۔

میر عبدالقدوس بزنجو 4 جون 2013 سے 22 مئی 2015 تک ڈپٹی اسپیکر بلوچستان اسمبلی بھی رہ چکے ہیں۔

راحیلہ درانی کا اس موقع پر کہنا تھا کہ مجھے فخر ہےکہ میں بلوچستان اسمبلی کی پہلی خاتون اسپیکر منتخب ہوئی۔

ان کا کہنا تھا کہ لوگ اسپیکر بننا آسان سمجھتے ہیں مگر یہ ایک مشکل اور کٹھن کام ہے۔

نومنتخب اسپیکر عبدالقدوس بزنجو نے راحیلہ حمید درانی کو پاکستانی پرچم کا بیج پیش کیا اور مبارکباد دی جس کے بعد عبدالقدوس بزنجو نے بلوچستان اسمبلی کے ایوان میں اسپیکر کی نشست سنبھال لی۔

عبدالقدوس بزنجو کا اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہنا تھا کہ اسپیکر کے انتخاب میں ساتھ دینے والی جماعتوں کا مشکور ہوں، میرے لیے سب برابر ہیں، کوشش ہو گی کہ ایوان کو غیرجانبداری سے چلاؤں۔

ان کا کہنا تھا کہ ایوان میں بیٹھے لوگ بلوچستان کی روایت کو برقرار رکھیں، ایوان میں احتجاج ضرور کریں مگر اسے مچھلی بازار نہ بنائیں۔

انہوں نے کہا کہ ایسا کوئی کام نہ کریں جس پر اسپیکر کو سخت قدم اٹھانا پڑے، ہم سب اچھی روایت کے ساتھ آگے بڑھیں۔

نو منتخب اسپیکر بلوچستان اسمبلی نے کہا کہ راحیلہ درانی نے بہت اچھے طریقے سے ایوان چلایا جس پر سکبدوش اسپیکر کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔

install suchtv android app on google app store