سانحہ مستونگ کے بعد فضا سوگوار، بلوچستان میں قومی پرچم سونگوں

سانحہ مستونگ کے بعد فضا سوگوار فائل فوٹو سانحہ مستونگ کے بعد فضا سوگوار

بلوچستان کے ضلع مستونگ میں خودکش حملے کے نتیجے میں بلوچستان عوامی پارٹی کے امیدوار نوابزادہ سراج رئیسانی سمیت 128 سے زائد افراد کی شہادت کے واقعے کے بعد صوبے کی فضا سوگوار ہے اور حکومت بلوچستان کی جانب سے سانحہ مستونگ پر 2 روزہ سوگ کے اعلان پر تمام سرکاری عمارات پر قومی پرچم سرنگوں ہے۔

دوسری جانب بلوچستان عوامی پارٹی نے بھی سانحہ مستونگ پر 3 روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے جبکہ پارٹی کا کوئٹہ میں ہونے والا آج کا انتخابی جلسہ بھی منسوخ کردیا گیا ہے۔

سانحہ مستونگ میں شہید ہونے والے قبائلی و سیاسی رہنما نوابزادہ سراج رئیسانی کی نماز جنازہ آج سہ پہر 3 بجے ساراوان ہاؤس کوئٹہ میں ادا کی جائے گی جبکہ ان کی تدفین کانک میں ہوگی۔

یاد رہے کہ نواب زادہ سراج رئیسانی بلوچستان عوامی پارٹی کے امیدوار تھے اور حلقہ پی بی 35 مستونگ سے الیکشن میں حصہ لے رہے تھے۔

واقعے کا مقدمہ درج نہ ہوسکا، تحقیقات جاری

لیویز حکام کے مطابق مستونگ خودکش حملےکا مقدمہ تاحال درج نہیں کیا جاسکا، تاہم ضروری کارروائی کے بعد مقدمہ لیویز تھانہ درینگڑھ میں درج کیا جائے گا۔

دوسری جانب لیویز حکام کے مطابق درینگڑھ میں خودکش حملے کے مقام کو محفوظ کرلیا گیا ہے اور جائے وقوع سے شواہد اکٹھے کیے جارہے ہیں۔

حکام کے مطابق تحقیقات کے لیے پنجاب سے فرانزک لیبارٹری کی خدمات حاصل کی جائیں گی۔

پاکستان بار کونسل کا سوگ اور ہڑتال کا اعلان

پاکستان بار کونسل کی جانب سے سانحہ مستونگ اور بنوں کی مذمت کرتے ہوئے 2 دن کے سوگ اور ایک دن کی ہڑتال کا اعلان کیا گیا ہے۔

وائس چیئرمین پاکستان بار کونسل کامران مرتضیٰ کے مطابق آج ملک بھر میں عدالتی کارروائی کا بائیکاٹ کیا جائے گا۔

کامران مرتضی نے واقعات میں ملوث افراد کو گرفتار کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے دہشت گردی کے ان واقعات کی شدید مذمت کی۔

علاوہ ازیں ملک کی دیگر بار کونسلز نے بھی مستونگ حملے کی مذمت کرتے ہوئے ہڑتال کا اعلان کیا ہے۔

یورپی یونین، امریکا اور سعودی عرب کی مذمت

یورپی یونین، امریکا، سعودی عرب اور دیگر ملکوں نے مستونگ میں انتخابی جلسے کے دوران خودکش دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

یورپی یونین نے دھماکے میں جاں بحق افراد کے اہلخانہ سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ حملوں کی مکمل تفتیش کی اشد ضرورت ہے اور توقع ہے کہ پاکستانی حکام انتخابی سرگرمیوں کی سیکیورٹی یقینی بنائیں گے۔

امریکی محکمہ خارجہ نے بھی پاکستان میں انتخابی جلسوں میں خودکش دھماکوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایسےحملے پاکستانی عوام کو جمہوری حقوق سے محروم کرنے کی کوشش ہے۔

امریکی محکمہ خارجہ کا اپنے بیان میں مزید کہنا تھا کہ دھماکوں میں جاں بحق افراد کے اہلخانہ سے تعزیت اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعاگو ہیں۔

دوسری جانب سعودی دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں مستونگ میں دھماکے کو دہشت گردی اور انتہاپسندانہ عمل قرار دیتے ہوئے یقین دلایا گیا ہے کہ دہشتگردی کے خلاف مہم میں سعودی عرب، پاکستان سے مکمل تعاون جاری رکھے گا۔

install suchtv android app on google app store