کلی الماس میں دہشتگردوں سے مقابلے میں زخمی ہیڈکانسٹیبل شہید ہوگیا

ہیڈ کانسٹبیل ثناء اللہ فائل فوٹو ہیڈ کانسٹبیل ثناء اللہ

کوئٹہ کے علاقے کلی الماس میں گزشتہ شب دہشتگردوں کیخلاف آپریشن میں زخمی ہونے والا ہیڈ کانسٹیبل شہید ہوگیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ہیڈ کانسٹبیل ثناء اللہ گزشتہ رات دہشت گردوں کے خلاف کارروائی میں زخمی ہواتھا جو آج دم توڑ گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق شہید ہیڈ کانسٹیبل نے پسماندگان میں ایک بیوہ اور 2 بچے چھوڑے۔

پاک فوج کے بیان میں شہید ہیڈ کانسٹیبل ثناء اللہ کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ امن کی طرف ہمارا سفر پاکستان کے شہداء کی مرہون منت ہے اور آج ہم امن کے جس ماحول میں رہ رہے ہیں اس کے پیچھے شہداء کی قربانیاں ہیں، ہم شہداء کی قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔

خیال رہے آپریشن ردالفساد کے تحت سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے علاقے کلی الماس میں آپریشن کیا تھا جس کے نتیجے میں لشکر جھنگوی بلوچستان کے سربراہ سمیت تین دہشت گرد ہلاک ہوئے تھے۔

فائرنگ کے تبادلے میں کرنل سہیل عابد شہید ہوگئے تھے جنہیں مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کردیا گیا ہے۔

آپریشن کے دوران لشکر جھنگوی بلوچستان کا سربراہ سلمان بدینی ہلاک ہوگیا تھا جبکہ دو خودکش بمبار بھی آپریشن میں مارے گئے تھے۔

سیکیورٹی فورسز کی اس کارروائی کے رد عمل میں دہشتگردوں نے کوئٹہ کے علاقے چمن ہاؤسنگ اسکیم کے قریب واقع ایف سی مددگار سینٹر پر حملہ کیا جسے ناکام بنادیا گیا اور 5 حملہ آوروں کو ہلاک کردیا گیا۔

install suchtv android app on google app store