دہشت گردوں کا بلوچستان میں وطن کے رکھوالوں پر ایک اور وار، ضلع تربت میں سیکیورٹی فورسز کے قافلے پر دہشت گرد حملے کے نتیجے میں چھ اہلکار شہید اور پانچ زخمی ہوگئے۔
حکام کے مطابق تربت کے نواحی علاقے شاپک میں دہشت گردوں نے گھات لگا کر سیکیورٹی فورسز کے قافلے میں شامل گاڑیوں پر فائرنگ کی جس سے ایک گاڑی الٹنے سے چھ اہلکار شہید جبکہ پانچ زخمی ہوئے۔
شہید ہونے والے اہلکاروں میں شہباز قیصر، فرمان اللہ، مسعود احمد، زاکر اور دیگر جبکہ زخمی اہلکاروں میں محمد حنیف، شفاعت اللہ، بلال احمد، سہیل، اسداللہ اور قمبر شامل ہیں۔ شدید زخمی ہونے والے اہلکاروں کو طبی امداد کے لئے مقامی ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
حملہ اور واردات کے بعد موقع سے فرار ہوئے۔ سیکیورٹی فورسز نے ملزمان کی گرفتاری کے لئے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔