بلوچستان میں بارشوں اور سیلاب سے جاں بحق افراد کی تعداد 294 ہو گئی

سیلاب فائل فوٹو سیلاب

بلوچستان میں 24 گھنٹوں کے دوران سیلاب کے نتیجے میں ہونے والے حادثات میں مزید 13 اموات کی تصدیق کے بعد صوبے میں جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 294 ہوگئی۔

پرووینشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی(پی ڈی ایم اے) کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں سیلاب کے نتیجے میں ہونے والے حادثات میں مزید 13 اموات رپورٹ ہوئیں،ایک مرد ، 9 خاتون اور 3 بچوں کی اموات کوئٹہ سے سامنے آئیں

بلوچستان میں یکم جون سے اب تک جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 294 ہوگئی ہے ،جاں بحق ہونے والوں میں 134 مرد73خواتین اور 87 بچے شامل ہیں ۔

پی ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق صوبے میں بارشوں کے دوران مختلف حادثات میں 181 افراد زخمی ہوچکے ہیں، سیلابی ریلوں اور بارشوں سے مجموعی طور پر بلوچستان میں 65 ہزار 997 مکانات نقصان کا شکار ہوئے تو وہیں 2 لاکھ 70 ہزار 744 سے زائد مال مویشی سیلابی ریلوں کی نذر ہوگئے ہیں۔

اب تک مجموعی طور پر 2 لاکھ ایکڑ زمین پر کھڑی فصلوں کو نقصان پہنچا، صوبے میں سیلابی ریلوں میں 22 پل گر گئے جبکہ 2200 کلو میٹر پر مشتمل مختلف شاہراہیں بھی شدید متاثر ہوئیں۔

install suchtv android app on google app store