کوئٹہ میں دھماکا ، ایک شخص جاں بحق اور 10 افراد زخمی

دھماکہ فائل فوٹو دھماکہ

بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق اور 10 افراد زخمی ہوگئے۔

کوئٹہ کے قندھاری میں بازار میں دھماکے کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق اور 10 افراد زخمی ہوگئے، پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکا خیز مواد موٹر سائیکل میں نصب کیا گیا تھا۔

ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ دھماکے میں زخمی افراد کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق دھماکے سے قندھاری بازار کے قریب کھڑی گاڑیوں اورموٹرسائیکلوں کو نقصان پہنچا ہے۔

ترجمان سول اسپتال کا کہنا ہے کہ زخمیوں میں تین خواتین بھی شامل ہیں جبکہ جاں بحق شخص کی شناخت ندا محمد کے نام سے ہوئی ہے۔

پولیس کی جانب سے دھماکے کی مزید تفصیلات نہیں بتائی گئی ہیں جبکہ علاقے کو سکیورٹی فورسز نے گھیرے میں لے لیا ہے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان نے زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کی ہدایت کردی۔

وزیراعلیٰ بلوچستان قدوس بزنجو کا کہنا ہے کہ دہشت گرد عناصر امن کے دشمنوں کو ہر گز معاف نہیں کیا جائے گا، عوام کی جان و مال کا تحفظ حکومت کی ذمہ داری ہے۔

انہوں نے کہا کہ عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لیے ہر حد تک جائیں گے، انہوں نے حفاظتی اقدامات کو مزید موثر بنانے کی ہدایت کی۔

واضح رہے کہ آج کراچی میں شیرشاہ پراچہ چوک کے قریب دھماکا ہوا، جس سے عمارت کو شدید نقصان پہنچا، پولیس کے مطابق دھماکے میں 16 افراد جاں بحق، 12 زخمی ہوئے، متاثرہ عمارت دو منزلہ تھی اور نالے پر تعمیر کی گئی تھی، جس میں بینک اور دیگر دفاتر بھی موجود تھے۔

بی ڈی ایس حکام کا دھماکے کے بارے میں کہنا تھا کہ یہ نالے میں گیس بھر جانے کی وجہ سے ہوا، کے ایم سی کیماڑی حکام نے بتایا ہے کہ شیرشاہ نالے میں سائٹ ایریا کی فیکٹریوں کا کیمیکل آ کر گرتا ہے۔

install suchtv android app on google app store