میرے خلاف تحریک عدم اعتماد انشا اللہ ناکام ہو گی، وزیراعلیٰ بلوچستان کا دعویٰ

وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال کی وزیراعظم عمران خان سے ملاقات فائل فوٹو وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال کی وزیراعظم عمران خان سے ملاقات

وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال نے نہایت پر اعتماد انداز میں دعویٰ کیا ہے کہ میرے خلاف تحریک عدم اعتماد انشا اللہ ناکام ہو گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ووٹنگ ہوجائے اچھی بات ہے تاکہ صورتحال واضح ہو جائے۔

 انہوں نے یہ بات وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کے بعد ذرائع ابلاغ سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ میڈیا سے بات چیت کے دوران ان کے چہرے پہ مسکراہٹ تھی اور وہ نہایت مطمئن و مسرور دکھائی دے رہے تھے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال نے پوچھے جانے والے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ووٹنگ آئندہ 3 سے 4 دنوں میں ہو گی تاہم انہوں نے ووٹنگ کی حتمی تاریخ بتانے سے انکار کردیا۔

جام کمال سے جب ملاقات کی بابت دریافت کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان سے ہونے والی ملاقات میں بلوچستان کی ترقی پر بات ہوئی ہے۔

 وزیراعظم عمران خان نے وزیراعلیٰ جام کمال سے ہونے والی ملاقات میں کہا کہ بلوچستان کی افراد قوت ملک کا اصل اثاثہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی ترقی حکومت کی اولین ترجیح میں شامل ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ حکومت نے بلوچستان کے لیے تاریخی پیکج کا اعلان کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت بلوچ نوجوانوں کو قومی دھارے میں شامل کرنے کے لیے اقدامات اٹھا رہی ہے۔

 وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کے دوران وزیراعلیٰ جام کمال نے بلوچستان پیکج کے تحت جاری ترقیاتی منصوبوں پر بریفنگ بھی دی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز کوئٹہ سے اسلام آباد پہنچنے پر وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال نے کہا تھا کہ وزیراعظم سے ملاقات متوقع ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی اتحادی جماعت ہے اور امید ہے کہ وہ ہمارا ساتھ دے گی۔

وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال نے چند روز قبل جے یو آئی (ف) کے مرکزی رنما مولانا عبدالغفور حیدری سے بھی ملاقات کرکے حکومت بچانے کے لیے ان کی مدد مانگی تھی لیکن جواباً انہیں کہا گیا تھا کہ پانی سر سے گزر چکا ہے۔

install suchtv android app on google app store