ذہنی امراض میں بے تحاشہ اضافہ ، اسکا آسان حل کیا ہے؟ جانیے تفصیلات

ذہنی امراض فائل فوٹو ذہنی امراض

دنیا بھر میں جہاں مختلف ذہنی امراض میں بے تحاشہ اضافہ ہوتا جارہا ہے، وہیں ان کے علاج بھی سامنے آتے جارہے ہیں، ان میں سے کچھ پرانے طریقہ کار ہیں جنہیں دوبارہ اپنایا جارہا ہے جبکہ کچھ نئے طریقہ کار بھی ہیں۔

ایسا ہی ایک طریقہ علاج ٹیپنگ تھراپی بھی ہے یعنی انگلیوں سے تھپتھپا کر علاج کرنا۔ اس تھراپی میں جسم کے بعض حصوں پر انگلیوں سے ٹیپ کیا جاتا ہے جس سے ذہنی امراض خصوصاً ڈپریشن، اسٹریس، بے چینی اور اینگزائٹی وغیرہ میں کمی آتی ہے۔

سنہ 1979 میں اس تھراپی کو عالمی ادارہ صحت نے بطور علاج تسلیم کیا اور اب یہ تھراپی دنیا بھر میں بے حد مقبول ہورہی ہے۔

کلینکل سائیکولوجسٹ ڈاکٹر معصومہ قیوم نے اس تھراپی کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ اس طریقہ علاج کو جذباتی ایکوپنکچر کہا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ٹیپ کرنے سے دماغ کے اس حصے میں سنگلز پہنچنے میں مدد ملتی ہے جو اسٹریس کو کنٹرول کرتے ہیں یوں نفسیاتی اور جذباتی بیماریوں میں کمی واقع ہوتی ہے۔

ڈاکٹر معصومہ نے بتایا کہ یہ طریقہ علاج اینگزائٹی میں بے حد مؤثر ہے اور اس کی کامیابی کا تناسب تقریباً 80 فیصد ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر جسمانی طور پر کوئی درد یا تکلیف ہے تو اس کا علاج تو جسمانی طور پر ہی ہوگا، تاہم بعض اوقات اسٹریس کی وجہ سے بھی سر، کندھوں یا پشت میں درد ہوتا ہے ایسے موقع پر یہ تھراپی اس جسمانی تکلیف کو بھی کم کرتی ہے۔

ڈاکٹر معصومہ نے مزید بتایا کہ ٹیپنگ کے پوائنٹس سر، آئی برو، آنکھ کے کنارے، گال کی ہڈی اور ہتھیلی کے کنارے وغیرہ ہیں جنہیں تھپتھپا کر ذہنی تناؤ میں کمی لائی جاسکتی ہے۔

install suchtv android app on google app store