گرم پانی سے نہانا ذیابیطس اور اندرونی سوزش میں کمی کیلیے بہترین

 گرم پانی سے نہانا ذیابیطس اور اندرونی سوزش میں کمی کیلیے بہترین فائل فوٹو گرم پانی سے نہانا ذیابیطس اور اندرونی سوزش میں کمی کیلیے بہترین

گرم پانی سے نہانے کے دن آچکے ہیں اور اسی ضمن میں ماہرین نے ایک نئی تحقیق کے بعد کہا ہے کہ نیم گرم پانی سے غسل کئی طبی فوائد کی وجہ ہے جو دماغی سکون پہنچاتا ہے، ذیابیطس قابو کرتا ہے اور جسم کی اندرونی جلن کو کم کرتا ہے۔

حالیہ چند برس میں گرم پانی اور سوانا باتھ کے جسمانی فوائد کے شواہد میں اضافہ ہورہا ہے۔ اس سے قبل ایک سروے سے ظاہر ہوا تھا کہ گرم پانی سے غسل ڈپریشن اور ذہنی تناؤ کم ہوتا ہے اور اب ایک اور سروے سے گرم غسل کے مزید فائدے سامنے آئے ہیں جن میں سے ایک یہ بھی ہے کہ اس سے خون کی رگوں کے افعال بہتر ہوتے ہیں۔

اب سے 20 سال قبل ایک تحقیق کی گئی تھی کہ اگر لوگ خود کو گرم پانی کے ٹب میں کان کی لو تک ڈبوئے رکھیں تو یہ عمل بدن کے میٹابولزم (استحالے) پر اثرانداز ہوتا ہے جس سے ٹائپ ٹو ذیابیطس کے مریض کو فائدہ ہوتا ہے۔ اس کی شاید ایک وجہ یہ بھی ہے کہ ورزش سے ذیابیطس میں فائدہ ہوتا ہے اور گرم پانی کا غسل عین ورزش جیسے اثرات مرتب کرتا ہے۔

ماہرین کا ایک اور خیال بھی ہے کہ کم درجے کی لیکن مستقل جسمانی اندرونی جلن بھی انسولین کا نظام خراب کرتی ہے۔ یعنی جسمانی سوزش انسولین جذب ہونے کا عمل کم کرتی ہے جس کا نتیجہ ٹائپ ٹو ذیابیطس کی صورت میں نکلتا ہے۔ گرم پانی سے غسل اندرونی جلن کو کم کرتا ہے اور ذیابیطس کی شدت میں کمی آتی ہے۔

جرنل آف اپلائیڈ فزیالوجی میں شائع ہونے والی ایک تحقیق میں ماہرین نے شرکا کو ایک گھنٹے تک ایسے پانی کے ٹب میں بٹھائے رکھا جس کا درجہ حرارت 39 درجے سینٹی گریڈ تھا۔ ہر 15 منٹ بعد تمام شرکا کے دل کی رفتار، بلڈ پریشر اور جسمانی درجہ حرارت معلوم کیا جاتا رہا۔ اگلے دوہفتے تک تمام شرکا کو مزید 10 مرتبہ گرم پانی میں رکھا گیا۔

ہر مرتبہ غسل کے بعد جسمانی جلن کا ایک مارکر انٹرلیوکن جسم میں بڑھ گیا لیکن ساتھ ہی جسم میں نائٹرک آکسائیڈ کی پیداوار بھی بڑھتی گئی۔ نائٹرک آکسائیڈ میں اضافے سے خون کی رگوں کو سکون پہنچتا ہے اور بلڈ پریشر کم ہوتا ہے۔ یہی کیمیکل جسم میں جلن کم کرکے شوگر کم کرنے کا کام بھی کرتا ہے۔ اسی بنا پر ماہرین نے مریضوں کو گرم پانی سے غسل کرنے کا مشورہ دیا ہے۔

 

install suchtv android app on google app store