ناک کے اسپرے اور الٹراساؤنڈ: دماغ میں دوا کی رسائی میں مددگار

ناک کے اسپرے اور الٹراساؤنڈ: دماغ میں دوا کی رسائی میں مددگار فائل فوٹو ناک کے اسپرے اور الٹراساؤنڈ: دماغ میں دوا کی رسائی میں مددگار

کئی امراض بالخصوص کینسر میں دوا کو مقررہ مقام تک پہنچانا ایک گمبھیراور مشکل عمل ہوتا ہے جس میں ہمارا پیچیدہ دماغ بھی شامل ہے۔ اب ناک کی پھوار (نوزل اسپرے) اور الٹراساؤنڈ کے ذریعے نینوذرات پر مشتمل پیچیدہ دوا کو دماغ کے مطلوبہ حصے تک پہنچانے میں کامیابی ہوئی ہے۔

سینٹ لوئی میں واقع واشنگٹن یونیورسٹی کے ماہرین نے نینوذرات میں بند دوا کو پہلے ناک کے ذریعے دماغ تک پہنچایا اور پھر اسے آواز کی لہروں کے ذریعے دوا کی رہنمائی کرتے ہوئے اس کے نینو ذرّات کو مطلوبہ مقامات کی راہ دکھائی گئی۔ اس عمل میں خون اور دماغ کی روایتی رکاوٹ کو بہ آسانی عبور کیا گیا جو ایک منفرد کامیابی ہے۔

دماغ اور خون کی درمیانی رکاوٹ (جھلی) رکاوٹ کئی دواؤں کو دماغ تک پہنچنے ہی نہیں دیتی لیکن اب واشنگٹن یونیورسٹی کے ماہرین نے خردبینی ذرات کو پہلے اسپرے کے ذریعے ناک میں داخل کیا اور اس کے بعد آواز کی لہروں سے انہیں مطلوبہ حصے تک بھیجنے کا عملی مظاہرہ کیا ہے۔

اس کےلیے ایک نئی ٹیکنالوجی وضع کی گئی ہے جسے ’فوکسڈ الٹراساؤنڈ وِد الٹرا نیزل ڈیلیوری‘ (فیوسِن) کا نام دیا گیا ہے۔ اس میں پہلے ناک میں پھوار کے ذریعے نینوذرات پر مشتمل دوا ڈالی گئی جس کے بعد الٹراساؤنڈ کنٹراسٹ ایجنٹ یعنی خردبینی بلبلے بھی داخل کیے گئے۔ اس کے بعد بلبلوں سمیت دوا کو آواز کی لہروں سے دھکیل کر دماغ کے اس مقام پر پہنچایا گیا جہاں دوا ضروری تھی۔ پہلے تجربے میں دوا کو دماغ کے نچلے حصے (brain stem) تک پہنچایا گیا۔ یہ دماغ کا بہت اہم حصہ ہے جو حرام مغز (اسپائنل کورڈ) سے جڑا ہوتا ہے۔

خردبینی بلبلے الٹراساؤنڈ کے ذریعے پھیلتے اور سکڑتے ہیں اور دوا والے ذرات کو مرض والی جگہ پر لے جاتے ہیں۔ مقررہ مقام پر پہنچ کر بلبلے اس دوا کو اس کے ہدف پر پھینک دیتے ہیں۔ اس سے کم وقت میں دوا مقررہ مقام تک کامیابی سے پہنچائی گئی۔

یہ سارے تجربات چوہوں پر کیے گئے ہیں۔ توقع ہے کہ اس سے ایک طرح کے کینسر ’’ڈیفیوز انٹرنسک پونٹائن گلائیوما‘‘ کے علاج میں مدد ملے گی۔ یہ نایاب قسم کا کینسر ہے جو تیزی سے موت کی وجہ بنتا ہے۔

اس ٹیکنالوجی کی تفصیلات جرنل آف کنٹرولڈ ریلیز کے تازہ شمارے میں آن لائن شائع ہوئی ہیں۔

install suchtv android app on google app store