آپ کی یہ معمولی غلطی جان لیوا ثابت ہوسکتی ہے

کھانے کو آرام و آہستہ چبا کر کھانا موٹاپے سے بچانے سمیت ہارٹ اٹیک، فالج اور دیگر امراض سے بچانے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔

یہ بات جاپان میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی۔

ہیروشیما یونیورسٹی کی تحقیق میں بتایا گیا کہ بہت تیزی سے غذا کو کھانا بلڈ شوگر کو بڑھانے کا باعث بنتا ہے جس سے انسولین کی مزاحمت پیدا ہوتی ہے۔

انسولین کی مزاحمت کے نتیجے میں امراض قلب، ذیابیطس اور فالج جیسے امراض کا خطرہ بڑھتا ہے۔

اسی طرح میٹابولک سینڈروم کے باعث توند نکلنے، بلڈ شوگر لیول بڑھنے اور نقصان دہ کولیسٹرول کی سطح بھی بڑھ سکتی ہے۔

تحقیق کے مطابق کھانے کو آہستہ سے کھانا صحت اور جسم کو فٹ رکھنے کی کنجی ہے۔

اس تحقیق کے دوران ایک ہزار کے قریب افراد کی غذائی عادات کا جائزہ لیا گیا جن میں سے کوئی بھی میٹابولک سینڈروم کا شکار نہیں تھا۔

پانچ سال تک جائزہ لینے کے بعد محققین نے رضاکاروں کی صحت کا تجزیہ کیا۔

نتائج سے معلوم ہوا کہ جو لوگ تیزرفتاری سے کھانا نگلتے ہیں، ان میں جان لیوا امراض کا خطرہ آرام سے کھانے والوں کے مقابلے میں 11.6 فیصد تک بڑھ جاتا ہے۔

محققین کا کہنا تھا کہ تیزی سے کھانا موٹاپے، توند نکلنے اور ہائی بلڈ گلوکوز کا باعث بھی بنتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نوالے کو آرام سے اچھی طرح چبا کر کھانا دماغ کو جلد پیٹ بھرنے کا احساس دلاتا ہے اور انسان زیادہ کھا نہیں پاتا۔

ان کے بقول نوالے کو آرام سے چبا کر نگلنا صحت مند طرز زندگی کا اہم جز ہے جو میٹابولک سینڈروم سے تحفظ دیتا ہے۔

اس تحقیق کے نتائج امریکن ہارٹ ایسوسی ایشن کے سائنٹیفک سیشن میں پیش کیے گئے۔

install suchtv android app on google app store