شوگر کے مریضوں کی اگر بات کی جائے تو آج کل ہر دوسرا شخص شوگر کے مرض میں مبتلا ہے، جبکہ لوگ اس مرض سے چھٹکارا حاصل کرنے کے لئے دنیا بھر کے جتن کرتے نظر آتے ہیں۔
طبی ماہرین کے مطابق زیرہ کا پانی پینے سے آپ بہت سی بیماریوں سے چھٹکارا حاصل کرلیتے ہیں، زیرے میں کچھ ایسے عناصر موجود ہوتے ہیں جوہمارے نظام انہضام کو صحت مند رکھنے میں مدد گار ہوتے ہیں۔
ہمارے نظام انہضام کا ہمارے جسم میں ایک خاص کردار ہوتا ہے، اگر ہمارا نظام ہاضمہ مضبوط ہو تو ہم اپنے جسم کو کئی بیماریوں سے محفوظ رکھ سکتے ہیں۔
نہار منہ زیرے کا پانی پینا خون کی گردش کو درست رکھنے میں مدد کرتا ہے۔ یہ جسم میں انسولین کی سطح کو برقرار رکھنے کا بھی کام کرتا ہے۔
طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ آج کل لوگ موٹاپے کا بہت زیادہ شکار ہورہے ہیں، اس میں زیرہ کا پانی بہت فائدہ مند ہے۔ یہ میٹابولک نظام کو صحت مند رکھنے میں بھی مددگار ثابت ہوتا ہے۔میٹابولزم کو صحت مند رکھنے کے ساتھ یہ موٹاپے کو کم کرنے میں بھی مدد کرتا ہے۔ اس کے ساتھ یہ آپ کو دن بھر توانائی سے بھی بھرپور رکھتا ہے۔
ماہرین کا ماننا ہے کہ اگرچہ زیرے کا پانی اپنے آپ کے لئے بہت فائدہ مند ہے لیکن اگر اس میں دھنیا، اجوائن اور سونف ملا کر پیا جائے تو اس سے حیرت انگیز فوائد حاصل کئے جاسکتے ہیں۔
ماہر غذائیت کے مطابق صبح سویرے اگر ہم چائے کے بجائے زیرہ کا پانی استعمال کریں تو اس سے بہتر کوئی آپشن نہیں ہوسکتا، چائے اور کافی کا استعمال صحت کے لیے نقصان دہ ہے، کیونکہ اس سے جسم میں تیزاب کی مقدار بڑھ جاتی ہے جبکہ اس کے برعکس زیرہ میں فائبر کے ساتھ ساتھ کئی قسم کے غذائی اجزاء بھی موجود ہوتے ہیں جو انسان کی صحت کے لئے بہت مفید ہوتے ہیں۔