بالوں کو جلد لمبے اور مضبوط بنانے کے آسان طریقے

بالوں کو جلد لمبے اور مضبوط بنانے کے آسان طریقے فائل فوٹو بالوں کو جلد لمبے اور مضبوط بنانے کے آسان طریقے

خوبصورت بال حسن میں اضافہ کرتے ہیں، مرد اور خواتین دونوں ہی اپنے بال خوبصورت دیکھنا چاہتے ہیں کیونکہ گھنے اور لمبے بال ہمیشہ سے ہی ہر ایک کی کمزوری رہے ہیں۔

لمبے اور گھنے بال ایک دن میں حاصل نہیں کیے جا سکتے، اس کے لیے کافی محنت کرنا پڑتی ہے، بس بنیادی معلومات اور طریقے آنے چاہئیں، جس کے ذریعے یہ خواب پورا ہو سکتا ہے، اس سلسلے میں غذائی اور غیرغذائی دونوں طریقوں پر کام کرنا ہو گا۔

سب سے پہلے غیر غذائی طریقوں کی بات کر لیتے ہیں، جن پر عمل کر کے بالوں کو لمبا اور گھنا بنانے کے عمل کا آغاز کیا جا سکتا ہے۔

بالوں کو تراشنا
بالوں کو جلدی لمبا کرنے اور صحت مند بنانے کے لیے ضروری ہے کہ بالوں کی باقاعدگی سے قلم سازی کی جائے، یعنی بالوں کو آدھے سے ایک انچ تک ترشوایا جائے۔

اس طرح کرنے سے بالوں کی صحت اچھی ہوتی ہے اور وہ تیزی سے بڑھتے ہیں۔

تیل کا استعمال
تیل کا استعمال بھی بال لمبے اور گھنے کرنے میں مدد کرتا ہے، شیمپو کرنے سے دو گھنٹے پہلے تیل کا استعمال ضروری ہے، اس کے لیے بادام کا تیل، زیتون کا تیل، کھوپرے کا تیل اور سرسوں کا تیل بہترین ہیں، جو بالوں کی نشوونما میں مدد کرتے ہیں۔

تیل کو بالوں میں اچھی طرح جذب کرنے کے دو آسان طریقے ہیں، پہلا یہ کہ تیل کو نیم گرم کر کے رات کو سونے سے پہلے لگا لیا جائے اور صبح اُٹھ کر شیمپو کر لیا جائے، دوسرا یہ کہ شیمپو کرنے سے دو گھنٹے پہلے تیل لگا کر سر کو نیم گرم پانی میں ہلکے بھیگے تولیے سے لپیٹ لیا جائے، اس سے بالوں کے مسامات کھل جائیں گے اور تیل ان میں جذب ہو جائے گا۔

شیمپو اور کنڈیشنر کا کم استعمال
اکثر لوگ روزانہ بالوں کو شیمپو سے دھوتے ہیں کیونکہ ان کا خیال ہے کہ سر میں روزانہ مٹی اور گندگی آ جاتی ہے جبکہ ماہرین کے مطابق روزانہ بالوں کو شیمپو سے دھونا اچھا عمل نہیں ہے بلکہ شیمپو کا استعمال کم از کم 2 دن کے وقفے سے کرنا چاہیے۔

شیمپو میں موجود سلفیٹ اور دیگر کیمیکل بالوں کو نقصان پہنچاتے ہیں جس سے وہ روکھے، بے جان اور باریک ہونا شروع ہو جاتے ہیں، لہٰذا ضروری ہے کہ آپ شیمپو کا استعمال کم سے کم کریں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ آپ صرف پانی سے بالوں کو اچھی طرح دھو لیں کیونکہ اس طرح بال نرم اور خشکی سے پاک ہو جائیں گے جبکہ بالوں میں موجود مٹی بھی صاف ہو جائے گی۔

بالوں کا مساج کرنا
ماہرین کے مطابق بالوں کا مساج کرنے سے سر کے خون کی روانی میں اضافہ ہوتا ہے، مساج کرنے سے بالوں کی جڑیں مضبوط ہوتی ہیں، مساج کا طریقۂ کار یہ ہے کہ انگلیوں کی مدد سے 3 سے 5 منٹ تک مساج کیا جائے۔

بالوں کی صحت و تندرستی کے لیے یہ غیر غذائی طریقۂ کار ہیں لیکن صرف ان سے کام نہیں چلے گا بلکہ لمبے اور گھنے بالوں کے لیے اپنی غذا پر بھی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔

غذا کا خیال
یہ بات یاد رکھنی چاہیے کہ جو کھاتے ہیں وہی بالوں اور جلد پر اثر کرتا ہے، خوبصورت بال چاہتے ہیں تو اپنی غذا میں پروٹین کی مقدار بڑھا دیں، ایسی غذائیں جن میں معدنیات جیسے کاپر، زنک، میگنیشیئم وغیرہ شامل ہو وہ بھی بال لمبے کرنے میں مدد کرتی ہے۔

انڈا
بالوں کی بنیادی ضرورت پروٹین ہے، جس پر ان کی خوبصورتی کا انحصار ہوتا ہے، پروٹین کے لیے ضروری ہے کہ انڈے کو غذا میں شامل کیا جائے کیونکہ انڈا کھانے سے جسم میں پروٹین کی مقدار بڑھتی ہے، انڈا خالص اور قدرتی طور پر پروٹین سے بھرپور ہوتا ہے، جو بال لمبے اور گھنے کرنے میں معاون ہوتا ہے۔

لیموں کا رس
روزانہ ایک لیموں وٹامن سی حاصل کرنے کے لیے مفید ہے، ایک گلاس لیموں کا پانی پینے سے وٹامن سی کی فراہمی وافر مقدار میں ہوتی ہے، جو دماغ کی باریک شریانوں کو بالوں سے جوڑتی ہے اور بالوں کو تیزی سے بڑھنے میں مدد فراہم کرتی ہے، نارنجی میں بھی وٹامن سی کی بھرپور مقدار پائی جاتی ہے۔

بادام، اخروٹ اور السی کے بیج
بادام، اخروٹ اور السی کے بیج میں اومیگا 3 فیٹی ایسڈ پایا جاتا ہے، جو بالوں کی نشوونما کے لیے انتہائی مفید ہے، یہ کمزور اور پتلے بالوں کو مضبوط اور گھنا کرنا آسان کرتا ہے۔

گندم
گندم میں وافر مقدار میں بائیوٹن پایا جاتا ہے، اس سے آئرن، زنک اور وٹامن بی بھی حاصل ہوتا ہے، بائیوٹن کی ضرورت خلیوں کو پھیلانے کے لیے درکار ہوتی ہے جو کہ اَمینو ایسڈ کی فراہمی میں اہم کردار ادا کرتا ہے، جس کے تحت بالوں کی نشوونما حاصل ہوتی ہے۔

گاجر کا جوس
گاجر کا جوس تیزی سے بالوں کی قوتِ مدافعت کو بڑھا کر انہیں لمبا ہونے میں مدد دیتا ہے، اس کی وجہ سے جسم میں ٹشوز تیزی سے بڑھتے ہیں۔

گاجر میں موجود وٹامن اے کی مقدار جسم میں سیلز کو بڑھنے میں مدد فراہم کرتی ہے۔

install suchtv android app on google app store