دانت کے درد کی شدت کا اندازہ تقریبا ہر فرد کو ہی ہوتا ہے۔ اکثر دانتوں میں خلا، دانت کے ہلنے، مسوڑھوں کا انفیکشن یا دیگر وجوہات کی بنا پر یہ درد برداشت کرنا کافی مشکل ہوتا ہے۔
دانت کا درد کبھی بھی آپ کو اپنا شکار بنا سکتا ہے اور اکثر ایسی صورت میں فوری طور پر ڈاکٹر کے پاس جانا مشکل ہوتا ہے۔ تاہم کچھ گھریلو نسخے ہیں جن کی مدد سے دانت کے درد میں کمی لائی جا سکتی ہے۔
نمک دانتوں کی حساسیت کو کم کرنے میں مدد دیتا ہے۔ یہ دانتوں کے خلاکے درمیان پھنسے ہوئے غذا کے ذرات کو بھی نکال باہر کرتا ہے۔ نیم گرم پانی میں تھوڑا سا نمک ملا کر اسے ماؤتھ واش کے طور پر استعمال کریں تو یہ طریقہ درد دور کرنے کے لئے کارگر ثابت ہوتا ہے۔
ایک چٹکی نمک لے کر اسے جس دانت میں درد ہے، اس پر لگایا جائے تو فوری آرام آجا تا ہے۔ دانے دار نمک کو ٹوتھ برش پر لگا کر دانتوں پر لگانے سے بھی درد کم ہوجاتا ہے۔
دار چینی
ایک چائے کا چمچ دار چینی پاﺅڈر اور 5 چائے کے چمچ شہد کو مکس کریں، اس پیسٹ کو متاثرہ حصے پر لگائیں جو درد میں کمی لائے گا، یہ عمل دن میں دو سے تین بار یا اس وقت تک دہرائیں جب تک درد ختم نہ ہوجائے۔
لونگ یا لونگ کا تیل
لونگ کو صدیوں سے دانتوں کے درد کے علاج کے لیے استعمال کیا جارہا ہے جس کی وجہ یہ قدرتی طور پر جراثیم کش مصالحہ ہے، لونگ کے سفوف کی معمولی مقدار کا متاثرہ دانت پر استعمال یا لونگ کو ہی چبانا اس حوالے سے فائدہ مند ثابت ہوتا ہے۔ اس کے علاوہ لونگ کا تیل (2 قطرے) متاثرہ حصے پر لگانے سے بھی ایک منٹ میں آرام آسکتا ہے۔