عمر بڑھنے کے ساتھ اپنے دماغ اور یادداشت کو بہتر رکھنا چاہتے ہیں تو سبز پتوں والی سبزیوں کا استعمال عادت بنالیں۔ یہ بات امریکا میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی۔
تحقیق میں بتایا گیا کہ سبز پتوں والی سبزیوں جیسے پالک، سالم اناج، زیتون کے تیل، بیجوں، چکن اور گریوں پر مبنی غذا کا استعمال دماغی صحت کے لیے مفید ہوتا ہے۔
تحقیق میں مزید بتایا گیا کہ بیریز کا استعمال صحت کے لیے مفید ہوتا ہے جبکہ ہر ہفتے کم از کم ایک بار مچھلی کھانے سے بھی دماغی صحت کو فائدہ پہنچاتا ہے۔
اس تحقیق میں 14 ہزار سے زائد افراد کو شامل کیا گیا تھا جن کی اوسط عمر 64 سال تھی۔ ان افراد کی صحت کا جائزہ 10 سال تک لیا گیا۔
اس عرصے میں ان سے غذائی عادات کے بارے میں سوالنامے بھروائے گئے اور اس کے مطابق انہیں 3 گروپس میں تقسیم کیا گیا۔ تحقیق کے دوران ڈیڑھ ہزار سے زائد افراد میں دماغی تنزلی کی تشخیص ہوئی۔
عمر، بلڈ پریشر، ذیابیطس اور دیگر تمام عناصر کو مدنظر رکھنے کے بعد دریافت ہوا کہ بیجوں، گریوں، زیتون کے تیل، مچھلی، سبز پتوں والی سبزیوں اور پھلوں کا زیادہ استعمال کرنے والے افراد میں عمر مٰں دماغی تنزلی کا خطرہ 4 فیصد تک گھٹ جاتا ہے۔
اس غذا سے خواتین کو زیادہ فائدہ ہوتا ہے جن میں دماغی تنزلی کا خطرہ 6 فیصد تک گھٹ جاتا ہے۔
محققین نے بتایا کہ دنیا بھر میں معمر افراد کی آبادی بڑھنے کے ساتھ ڈیمینشیا کا مرض بھی تیزی سے پھیل رہا ہے اور ضروری ہے کہ اس سے بچنے کے طریقوں کو دریافت کیا جائے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ہماری غذا دماغی تنزلی کے خطرے میں کمی لانے کے لیے اہم ثابت ہوتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے مزید تحقیق کی ضرورت ہے مگر نتائج سے واضح ہوتا ہے کہ اچھی غذائی عادات سے آپ خود کو دماغی مسائل سے تحفظ فراہم کر سکتے ہیں۔