پھلوں اور سبزیوں کا شمار کی قدرت کی لذیذ اور شفا بخش غذاؤں میں ہوتا ہے، تاہم کچھ پھل اور سبزیاں ایسی بھی ہیں، جن میں متعدد فوائد ہوتے ہیں۔
پائن ایپل جسے اردو میں انناس کہا جاتا ہے، اس کا شمار بھی ایسے ہی پھلوں میں ہوتا ہے، جو نہ صرف کھانے میں لذیذ ہے، بلکہ یہ کئی بیماریوں کو پیدا ہونے سے بھی روکنے میں مدد فراہم کرتا ہے۔
انناس نہ صرف وٹامنز، اینزائم و پروٹین بلکہ اینٹی آکسی ڈنٹ سے بھی بھرپور ہے، جس وجہ سے یہ نہ صرف ہاضمے کو نظام کو درست بناکر انسانی نشو و نما میں کردار ادا کرتا ہے، بلکہ یہ چہرے پر قدرتی نکھار اور خوبصورتی لانے میں بھی تعاون فراہم کرتا ہے۔
ایک تحقیق کے مطابق پائن ایپل نہ صرف نظام ہاضمہ کو بہتر بناتا ہے، بلکہ یہ ہڈیوں کو مضبوط کرنے سمیت پیٹ کے درد کم کرنے میں بھی مدد فراہم کرتا ہے۔
اگرچہ پائن ایپل کھانے میں قدرے میٹھا ہوتا ہے، تاہم حیران کن طور پر اس میں کیلوریز کی مقدار انتہائی کم ہوتی ہے، جس وجہ سے یہ ذیابیطس جیسے امراض کو پیدا کرنے کا سبب بھی نہیں بنتا۔
ماہرین کے مطابق پائن ایپل آنکھوں کی صحت اور خون کی کمی کو دور کرنے سمیت موسمی سردی اور ہڈیوں کی سوزش اور اکڑن بھی کم کرنے میں مدد دیتا ہے۔
پائن ایپل خون کی روانی بہتر بنانے میں بھی مدد دیتا ہے، اس لیے یہ ’لو بلڈ پریشر‘ کے مریضوں کے لیے بھی فائدہ مند ہوتا ہے۔
پائن ایپل جہاں وزن کو بڑھنے سے کنٹرول کرنے میں مدد فراہم کرتا ہے، وہیں یہ چہرے پر نکھار لاکر قدرتی حسن و تازگی کا احساس بھی دلاتا ہے، پائن ایپل کھانے والے افراد ہمیشہ دلکش و حسین رہتے ہیں۔
پائن ایپل ناخونوں کو نرم بنانے سمیت جلد کو خشک ہونے سے بھی محفوظ رکھتا ہے، یہ خصوصی طور پر پاؤں کی ایڑیوں کو پھٹنے سے بھی محفوظ رکھتا ہے۔
پائن ایپل کا جوس بھی اتنا ہی فائدہ مند ہے، جتنا اس کا گودا اورسلائسز فائدہ مند ہوتے ہیں۔