کولیسٹرول ایک مومی مادہ ہے جو خون میں پایا جاتا ہے، جسم میں صحت مند خلیات بنانے کے لیے کولیسٹرول کی ضرورت ہوتی ہے لیکن اس کی ضرورت سے زیادہ مقدار دل کی بیماری کا خطرہ بڑھا سکتی ہے، ہائی کولیسٹرول خون کی نالیوں میں چربی کے ذخائر پیدا کر سکتا ہے۔
طرزِ زندگی میں چھوٹی چھوٹی تبدیلیاں اور صحت بخش غذائیں بلڈ کولیسٹرول کی سطح پر قابو پانے اور دل کو صحت مند رکھنے میں مدد دے سکتی ہیں۔
ماہرینِ صحت کولیسٹرول کو قابو میں رکھنے کے لیے درجِ ذیل سادہ غذاؤں کے استعمال پر زور دیتے ہیں۔
لہسن
لہسن صرف کھانے کا ذائقہ ہی بہتر نہیں بناتا بلکہ اس کے طبی فوائد بھی ہیں، خاص طور پر ہائی کولیسٹرول کے مریض اگر لہسن کے استعمال کو معمول کا حصہ بنالیں تو کولیسٹرول کو تقریباً 90 فیصد تک کم کر سکتے ہیں۔
ثابت دھنیا
ثابت دھنیا ہر گھر کے کچن میں عام پایا جاتا ہے اور اس کا استعمال کم و بیش ہر دوسرے کھانے میں کیا جاتا ہے، اسے ہائی کولیسٹرول پر قابو رکھنے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے، اس میں فولک ایسڈ، وٹامن اے، وٹامن سی اور بیٹا کیروٹین جیسے غذائی اجزاء شامل ہیں جو کولیسٹرول کے لیے مفید ہیں۔
میتھی دانہ
کھانوں کا ذائقہ دوبالا کرنے کے ساتھ ساتھ میتھی دانہ میں کئی طبی خصوصیات ہیں، یہ وٹامن ای سے بھرپور ہے اور ذیابیطس کے مریضوں اور کولیسٹرول کے شکار لوگوں کے لیے مفید ہے، اس کے علاوہ یہ بالوں کے روکھے پن کو دور کرنے اور جوڑوں کے درد کو ختم کرنے کے لیے بھی کارآمد ہے۔
اناج
سالم اناج (ہول گرین) کی مقبولیت دنیا بھر میں بڑھ گئی ہے، یہ بہترین اور صحت بخش غذا ہے جو فائبر سے بھرپور ہے، فائبر نظامِ ہاضمہ کے لیے مفید ہے، جو اور دلیہ جیسے سالم اناج فائبر کی مقدار سے بھرپور ہوتے ہیں جو ہائی کولیسٹرول کے علاوہ ذیابیطس کے مریضوں کے لیے بھی مفید ہیں۔
سبزیاں
ہماری خوراک میں سبزیوں کے استعمال کو سب سے کم اہمیت دی جاتی ہے، یہ فائبر اور آکسیڈینٹ سے بھرپور ہوتی ہیں جبکہ ان میں کیلوریز کی مقدار انتہائی کم ہوتی ہے جو کولیسٹرول بڑھنے کی سب سے بڑی وجہ ہے۔ روزمرہ کی غذا میں سبزیوں کا استعمال ہائی کولیسٹرول کے مریضوں کے لیے بہترین انتخاب ہے، معمول کی خوراک میں بھنڈی، گاجر اور بینگن جیسی سبزیاں شامل کریں تاکہ خراب کولیسٹرول کو کم کرنے میں مدد مل سکے