جسمانی وزن مین کمی کا آسان نسخہ

جسمانی وزن میں اضافہ ہر ایک کو فکرمند کردیتا ہے فائل فوٹو جسمانی وزن میں اضافہ ہر ایک کو فکرمند کردیتا ہے

اگر آپ جسمانی وزن میں اضافے سے پریشان ہیں تو روزمرہ کی غذا میں ایک مزیدار چیز کا اضافہ کرلیں۔

جی ہاں واقعی بادام، مونگ پھلی، پستے اور اخروٹ جیسی گریوں کو غذا کا حصہ بنانے سے جسمانی وزن میں کمی لانے میں نمایاں مدد ملتی ہے۔ یہ بات ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی۔

جرنل نیوٹریشن ریسرچ ریویوز میں شائع ایک تحقیق میں بتایا گیا کہ اگرچہ گریوں میں کیلوریز کی مقدار کافی زیادہ ہوتی ہے مگر پھر بھی اعتدال میں رہ کر ان کا استعمال موٹاپے سے نجات دلا سکتا ہے۔

تحقیق کے مطابق باداموں میں موجود چکنائی سے نقصان دہ کولیسٹرول کی سطح میں کمی آتی ہے جبکہ بلڈ شوگر کی سطح مستحکم ہوتی ہے جس سے ذیابیطس کو کنٹرول میں رکھنا ممکن ہوتا ہے۔

اس تحقیق میں 7 تحقیقی رپورٹس کے نتائج کی جانچ پڑتال کی گئی تھی۔ ان میں سے 3 تحقیقی رپورٹس کے نتائج باداموں پر مشتمل تھے۔

ایک تحقیق میں شامل افراد کو 12 ہفتوں تک روزانہ 30 گرام گریوں کا استعمال کرایا گیا، دوسری تحقیق میں 12 ہفتوں کے لیے 38 گرام جبکہ تیسری تحقیق میں 24 ہفتوں تک 84 گرام مقدار کا استعمال کرایا گیا۔

دیگر 2 تحقیقی رپورٹس میں شامل افراد کو 8 ہفتوں تک 56 گرام مونگ پھلیوں کا استعمال کرایا گیا جبکہ باقی تحقیقی رپورٹس میں شامل افراد کو 12 ہفتوں تک روزانہ 53 گرام پستے اور 52 ہفتوں تک روزانہ 42 گرام اخروٹ کا استعمال کرایا گیا۔

تمام تحقیقی رپورٹس میں شامل افراد کے کیلوریز کے استعمال میں کمی دیکھنے میں آئی جس سے ان کا جسمانی وزن گھٹ گیا۔

البتہ وہ تحقیقی رپورٹس جن میں لوگوں کو گریوں کا استعمال کیلوریز کنٹرول کرنے والی غذا کے طور پر کرایا گیا، ان کے جسمانی وزن میں نمایاں کمی آئی۔

گریوں کے استعمال سے اوسطاً ایک سے 7 کلوگرام تک اضافی جسمانی وزن میں کمی آئی۔

البتہ محققین نے تسلیم کیا کہ ابھی یہ کہنا ممکن نہیں کہ کوئی ایک گری جسمانی وزن میں کمی لانے کے لیے زیادہ بہتر ہوتی ہے۔

یہ پہلی تحقیق نہیں جس میں گریوں کو جسمانی وزن میں کمی کے لیے بہترین قرار دیا گیا۔

ایک اور تحقیق میں بتایا گیا کہ ہمارا جسم گریوں میں موجود تمام کیلوریز کو جذب نہیں کرپاتا اور اسی لیے ان کا استعمال جسمانی وزن میں کمی کے لیے بہترین ہوتا ہے۔

2018 کی ایک تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ گریوں کے استعمال سے جسمانی توانائی کو کنٹرول کرنے میں مدد ملتی ہے اور اسی وجہ سے جسمانی وزن میں اضافہ نہیں ہوتا۔

ماہرین کے مطابق گریاں فائبر اور پروٹین کے حصول کا اچھا ذریعہ ثابت ہوتی ہیں اور یہ دونوں ہی پیٹ بھرنے کا احساس دلانے والے غذائی اجزا ہیں، جس سے بے وقت کھانے سے بچنے میں مدد ملتی ہے اور جسمانی وزن میں کمی آتی ہے۔

گریوں میں موجود پروٹین مسلز کے صحت پر بھی اثر انداز ہوتا ہے جس سے بھی جسمانی وزن میں کمی لانے میں مدد ملتی ہے۔

install suchtv android app on google app store