وہ غذائیں جو پرسکون نیند میں رکاوٹ بن سکتی ہیں

 کئی غذائیں ایسی ہیں اگر انہیں سونے سے قبل کھایا جائے تو ان کا منفی رد عمل ہو سکتا ہے۔ فائل فوٹو کئی غذائیں ایسی ہیں اگر انہیں سونے سے قبل کھایا جائے تو ان کا منفی رد عمل ہو سکتا ہے۔

کھانے کی کچھ ایسی اشیا ہوتی ہیں جو ہم شوق سے کھاتے ہیں اور انہیں فائدہ مند اور غذائیت بخش بھی سمجھا جاتا ہے، لیکن اگر انہیں سونے سے قبل کھایا جائے تو ان سے صحت پر مضر اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔

ماہرین کے مطابق کئی غذائیں ایسی ہیں اگر انہیں دن میں کھایا جائے تو وہ ہمارے جسم کے لیے فائدہ مند ہوتی ہیں جبکہ رات میں خصوصاً سونے سے قبل انہیں کھایا جائے تو ان کا منفی رد عمل ہو سکتا ہے۔

1: جن میں پانی زیادہ مقدار میں ہوتا ہے
جن چیزوں میں پانی زیادہ مقدار میں ہوتا ہے جیسے اجوائن، تربوز اور کھیرے وغیرہ ان سے پرہیز کی کوشش کریں۔ ان کو کھا کر سونے کا مطلب ہے کہ آپ مثانے کو بھر کر سو رہے ہیں جو آپ کو نیند کے دوران جگائے گا اور یوں آپ بہتر نیند نہیں لے سکیں گے۔

2: مصالحے دار کھانے
سونے سے قبل مصالحے دار کھانے کھانا پیٹ میں جلن اور بدہضمی کا سبب بن سکتے ہیں۔ مصالحے دار کھانوں میں پایا جانے والا مرکب کیپساسن آپ کے جسم کا درجہ حرارت بڑھا سکتا ہے اور آپ کی نیند میں مداخلت کر سکتا ہے۔

3: کیلے
رات کو کیلے کھانے سے پرہیز کریں کیونکہ کیلے میں پوٹاشیم کی مقدار زیادہ ہوتی ہے جو ویسے تو جسم کے مدافعتی نظام اور جلد کی صحت کے لیے اچھا ہے لیکن رات کے کھانے میں یا رات کے کھانے کے بعد اسے کھانے سے بلغم اور بدہضمی ہو سکتی ہے۔

4: سیب
سیب میں پایا جانے والا ایک قسم کا ریشہ بلڈ شوگر اور کولیسٹرول کی سطح کو کنٹرول کرنے میں مدد کرتا ہے لیکن رات کو اسے ہضم کرنا مشکل ہوتا ہے اور اس طرح دل کی تکلیف ہو سکتی ہے۔ ماہرین غذا رات کے کھانے میں بھی پھل کھانے سے پرہیز کرنے کی تجویز دیتے ہیں۔

5: بروکولی اور گوبھی
بروکولی اور گوبھی ایسی سبزیاں ہیں جو وٹامنز سے بھرپور ہوتی ہیں لیکن ان میں ریشے کی ایک بڑی مقدار بھی ہوتی ہے جو ہضم ہونے میں زیادہ وقت لیتی ہے۔ ان سبزیوں کو سونےسے پہلے کھانے کا مطلب ہے کہ آپ کے معدے کو انہیں ہضم کرنے کے لیے کام کرنا پڑے گا اور یہ آپ کو رات میں اچھی نیند سے روکیں گی۔

6: گری دار میوے
بادام، پستا اور اخروٹ جیسے گری دار میوے بلڈ پریشر کو برقرار رکھنے اور دل کی صحت کو بہترکرنے میں مددگار ثابت ہوتے ہیں۔ لیکن چونکہ ان میں چربی اور کیلوریز زیادہ ہوتی ہے اس لیے اگر انہیں رات کے کھانے کے بعد کھایا جائے تو یہ وزن میں اضافے کا باعث بن سکتے ہیں۔

7: ڈارک چاکلیٹ
ڈارک چاکلیٹ میں اینٹی آکسڈینٹس زیادہ ہوتے ہیں۔ ڈارک چاکلیٹ عمر بڑھنے کی علامات کو کم کرنے کے ساتھ ساتھ دل کی بیماریوں کے خطرے کو کم کرنے کے لیے جانا جاتا ہے، لیکن اس میں کیفین اور امینو ایسڈ بھی ہوتا ہے جو چست بناتا ہے۔ سونے سے قبل ڈارک چاکلیٹ کھانے سے آپ پوری رات بیدار رہ سکتے ہیں۔

install suchtv android app on google app store