روزانہ امرود کھانے کے یہ فوائد آپ کو ضرور پسند آئیں گے

روزانہ امرود کھانے کے یہ فوائد آپ کو ضرور پسند آئیں گے فائل فوٹو روزانہ امرود کھانے کے یہ فوائد آپ کو ضرور پسند آئیں گے

پھل کسی بھی انسان کو صحت مند رکھنے میں بہت اہم کردار ادا کرتے ہیں، ان کے بغیر کوئی بھی غذا نا مکمل تصور کی جاتی ہے، کیوں کہ ان میں بہت سے وٹامن اور غذائی اجزاء پائے جاتے ہیں۔ امرو د کا شمار بھی انہی پھلوں میں کیا جاتا ہے جو صحت کے لیے بہت مفید ہیں۔

چاٹ کی شکل میں کھائیں یا ویسے ہی اسے چبائیں امرود ہر فرد کو ہی پسند آتا ہے۔

اس کی مہک ہی کھانے کی خواہش بڑھا دیتی ہے اور ناشپاتی کی شکل کا یہ پھل صحت کے لیے بھی بہت زیادہ فائدہ مند ہے۔

اس میں متعدد غذائی اجزا موجود ہیں جن میں وٹامن سی نمایاں ہے مگر اس کے ساتھ ساتھ متعدد اینٹی آکسائیڈنٹس بھی اس پھل کا حصہ ہوتے ہیں۔

امرود کا ایک خاص جز فائبر ہے جو نظام ہاضمہ کے لیے بہت اہم ہوتا ہے، ایک امرود سے دن بھر کے لیے درکار فائبر کی 12 فیصد مقدار حاصل ہوتی ہے جبکہ اس کے بیج جلاب جیسا اثر کرتے ہیں جس سے قبض سے نجات یا اس کی روک تھام میں مدد ملتی ہے۔

امرود میں وٹامن سی کی مقدار کافی زیادہ ہوتی ہے اور یہ وٹامن مدافعتی نظام کے لیے بہت اہم ہوتا ہے۔

تحقیقی رپورٹس سے ثابت ہوا ہے کہ وٹامن سی سے موسمی بیماریوں سے بچنے یا ان کا دورانیہ کم کرنے میں مدد ملتی ہے۔

فائبر سے بھرپور ہونے کی وجہ سے یہ پھل ذیابیطس کے مریضوں کے لیے نقصان دہ نہیں ہوتا کیونکہ اس کے کھانے سے بلڈ شوگر کی سطح میں تیزی سے اضافہ نہیں ہوتا۔

اسی طرح اس میں موجود فائبر بلڈ شوگر کو کنٹرول کرنے میں مددگار ثابت ہوسکتا ہے، البتہ بہت زیادہ کھانے سے گریز کرنا چاہیے۔

امرود سے جسم میں سوڈیم اور پوٹاشیم کا توازن بہتر ہوتا ہے جس سے بلڈ پریشر کو کنٹرول کرنا آسان ہوجاتا ہے۔

اسی طرح یہ پھل خون میں چکنائی یا کولیسٹرول کی سطح بھی کم کرنے میں مددگار ثابت ہوسکتا ہے جس سے امراض قلب سے تحفظ ملتا ہے۔

اس پھل میں وٹامن اے بھی موجود ہوتا ہے جو بینائی کے لیے اہم ہوتا ہے۔

وٹامن اے سے عمر بڑھنےکے ساتھ بینائی میں آنے والی تنزلی کا خطرہ کم ہوتا ہے جبکہ دیگر امراض سے بھی تحفظ ملتا ہے۔

امرود میں موجود میگنیشم سے مسلز اور اعصاب کو سکون پہنچتا ہے جس سے دن بھر کی مصروفیات کے بعد سکون کا احساس ہوتا ہے، تناؤ کم ہوتا ہے جبکہ جسمانی توانائی بڑھتی ہے۔

امرود کھانے کی عادت سے میٹابولزم کو بہتر بنانے میں مدد مل سکتی ہے۔

اس پھل کو کھانے سے پیٹ بھرنے کا احساس دیر تک برقرار رہتا ہے جس سے بے وقت کھانے کی عادت سے نجات ممکن ہوتی ہے جس سے بھی جسمانی وزن میں کمی لانا کچھ آسان ہوجاتا ہے۔

امردو میں وٹامن اے، وٹامن سی اور اینٹی آکسائیڈنٹس جیسے کیروٹین وغیرہ کی موجودگی سے جلد کو جھریوں سے پاک رکھنے میں مدد مل سکتی ہے۔

امرود فولیٹ کے حصول کا اچھا ذریعہ ہے جس سے بچے میں پیدائش نقص کا خطرہ کم ہوتا ہے، جبکہ اس میں موجود فولک ایسڈ بچے کے اعصابی نظام کی نشوونما کے لیے مددگار ثابت ہوتا ہے۔

امرود میں وٹامن بی 3 اور بی 6 موجود ہوتے ہیں جو ذہنی صحت کے لیے فائدہ مند وٹامنز ہیں۔

 

install suchtv android app on google app store