وہ کون سی چیز ہے جو ذیابیطس، بلڈ پریشر، کینسر اور قبل از وقت بڑھاپے کا باعث بن جاتی ہے

چینی کا استعمال فائل فوٹو چینی کا استعمال

چینی کا استعمال موجودہ عہد میں عام ہے مگر غذا میں اس کی بہت زیادہ مقدار کی موجودگی مختلف امراض کا خطرہ بڑھاتی ہے۔

ویسے تو پھلوں میں بھی قدرتی مٹھاس موجود ہوتی ہے مگر وہ چینی جتنی نقصان دہ نہیں ہوتی۔

درحقیقت موجودہ عہد میں لوگ ضرورت سے زیادہ چینی کھانے کے عادی ہوچکے ہیں اور یہ میٹھے زہر کا کام کرتی ہے۔

چینی کی کتنی مقدار کا روزانہ استعمال کیا جاسکتا ہے اور زیادہ کھانے سے کن امراض کا سامنا ہوسکتا ہے، اس کے بارے میں آپ درج ذیل میں جان سکتے ہیں۔

چینی کی کتنی مقدار بہت زیادہ ہوتی ہے؟

عالمی ادارہ صحت نے 2015 میں لوگوں کو مشورہ دیا تھا کہ دن بھر میں غذا سے جتنی کیلوریز حاصل کرتے ہیں، اس کا 5 فیصد سے کم حصہ چینی پر مشتمل ہو۔

آسان الفاظ میں روزانہ 6 چائے کے چمچ سے زیادہ چینی استعمال کرنا نقصان دہ ثابت ہوسکتا ہے۔

اب یہ جان لیں کہ چینی کا زیادہ استعمال آپ کو کن امراض کا شکار بناسکتا ہے۔

دانتوں کی فرسودگی

چینی منہ میں پائے جانے والے بیکٹریا کی غذا بن جاتی ہے اور جب وہ اسے ہضم کرتے ہیں تو ایک تیزاب خارج کرتے ہیں جو دانتوں کی سطح کو متاثر کرتا ہے۔

یہی وجہ ہے کہ جو افراد اکثر میٹھی غذائیں کھاتے ہیں ان میں دانتوں کی فرسودگی کا خطرہ بہت زیادہ ہوتا ہے۔

کیل مہاسے

2018 کی ایک تحقیق میں ثابت ہوا تھا کہ ہر ہفتے 7 بار میٹھے مشروبات کو پینے والے افراد کو کیل مہاسوں کا سامنا زیادہ ہوتا ہے۔

2019 کی ایک تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ چینی کا استعمال کم کرکے کیل مہاسوں کا خطرہ کم کیا جاسکتا ہے۔

جسمانی وزن میں اضافہ اور موٹاپا

چینی سے جسم کے وہ ہارمونز متاثر ہوتے ہیں جو جسمانی وزن کو کنٹرول کرتے ہیں۔

leptin نامی ہارمون دماغ کو پیٹ بھرنے سے آگاہ کرتا ہے مگر چینی کے زیادہ استعمال سے ہارمون کے افعال متاثر ہوتے ہیں۔

اس کے نتیجے میں وقت کے ساتھ جسمانی وزن میں اضافہ ہوتا ہے۔

ذیابیطس اور انسولین کی مزاحمت

ایک تحقیق میں بتایا گیا تھا کہ غذا میں چینی کا زیادہ استعمال ذیابیطس ٹائپ 2 کا شکار بناسکتا ہے جبکہ انسولین کی مزاحمت کا سامنا بھی ہوسکتا ہے۔

اس کے ساتھ ساتھ موٹاپے سے بھی ذیابیطس ٹائپ 2 کا خطرہ بڑھتا ہے اور اوپر بتایا جاچکا ہے کہ زیادہ میٹھا کھانے سے جسمانی وزن میں اضافہ ہوتا ہے۔

دل کی شریانوں کے امراض

ایک تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ جو افراد چینی کا زیادہ استعمال کرتے ہیں ان میں امراض قلب سے موت کا خطرہ 38 فیصد تک بڑھ جاتا ہے۔

ہائی بلڈ پریشر

2011 کی ایک تحقیق میں میٹھے مشروبات اور ہائی بلڈ پریشر کے درمیان تعلق دریافت کیا گیا تھا۔

ہائی بلڈ پریشر سے ہارٹ اٹیک اور فالج سمیت امراض قلب کا خطرہ بھی بڑھتا ہے۔

کینسر

چینی کا زیادہ استعمال جسمانی ورم، تکسیدی تناؤ اور موٹاپے کا باعث بنتا ہے اور یہ تینوں عناصر کینسر کا خطرہ بڑھاتے ہیں۔

ایک تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ میٹھے مشروبات کے استعمال سے کینسر کا خطرہ بڑھتا ہے۔

ایک اور تحقیق میں بتایا گیا کہ جو افراد میٹھے مشروبات پینے کے عادی ہوتے ہیں اور ان کی توند نکلی ہوئی ہو تو کچھ اقسام کے کینسر کا خطرہ 59 فیصد تک بڑھ جاتا ہے۔

قبل از وقت بڑھاپا

چینی کے زیادہ استعمال کے نتیجے میں جلد میں موجود ایک اہم ہارمون کولیگن پر بھی منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں۔

تحقیق میں ایسے شواہد سامنے آئے ہیں جن سے عندیہ ملا ہے کہ اس کے نتیجے میں لوگ قبل از وقت بڑھاپے کا شکار ہوجاتے ہیں کیونکہ جھریاں نمایاں ہوجاتی ہیں۔

install suchtv android app on google app store