حلیمہ سلطان پہلی بار ایک پاکستانی کمپنی کی برانڈ ایمبیسڈر مقرر

حلیمہ سلطان فائل فوٹو حلیمہ سلطان

پاکستان ٹیلی وژن (پی ٹی وی) پر نشر ہونے والے ترک ڈرامے 'ارطغرل غازی' میں حلیمہ سلطان کا مرکزی کردار ادا کرنے والی اداکارہ ایسرا بلگچ بہت کم عرصے میں پاکستان میں بہت زیادہ مقبول ہوچکی ہیں۔

ایک انٹرویو میں انہوں نے انکشاف کیا تھا کہ وہ جلد ہی پاکستان کے 3 معروف برانڈز کے ساتھ کام کا آغاز کرنے والی ہیں۔

انٹرویو میں ایسرا بلگچ نے بتایا تھا کہ وہ پہلی بار پاکستان کے 3 معروف برانڈز کے ساتھ کام کریں گی، تاہم اس حوالے سے انہوں نے مزید تفصیلات بتانے سے انکار کردیا تھا۔

ترک اداکارہ نے بتایا تھا کہ جلد ہی ان کی جانب سے پاکستانی برانڈز کے ساتھ کام کرنے کے حوالے سے باضابطہ اعلان بھی ہوجائے گا۔

اب ان میں سے ایک برانڈ کے لیے اداکارہ کے اشتراک کا اعلان ہوگیا ہے اور انہیں ایک موبائل کمپنی کا برانڈ ایمبسیڈر بنادیا گیا ہے۔

اسمارٹ فون کمپنی کیو موبائل نے سوشل میڈیا پوسٹ پر اعلان کیا ہے کہ ترک اداکارہ ان کی نئی ڈیوائس ویو میکس پرو کے لیے برانڈ ایمبیسڈر بن گئی ہیں۔

کمپنی کا کہنا تھا کہ وہ پہلا پاکستانی برانڈ ہے جس نے ارطغرل ڈرامے سے شہرت پانے والی اداکارہ کو اپنے نئے فون کی مہم کا حصہ بنایا ہے۔

یہ فون کب تک دستیاب ہوگا ابھی تو واضح نہیں مگر سوشل میڈیا اعلان سے یہ ضرور اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ اس حوالے سے مہم بہت جلد شروع ہونے کا امکان ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ اگر دنیا میں کورونا کی وبا نہ پھیلی ہوئی ہوتی تو وہ اب تک پاکستان کے متعدد دورے کر چکی ہوتی مگر وہ وبا کے باعث فضائی پابندیوں کی وجہ سے مجبور ہیں۔

ایسرا بلگچ نے یہ بھی کہا تھا کہ ان سمیت ڈرامے کی تمام کاسٹ اور ٹیم کو ڈرامے کی شوٹنگ کے وقت یہ احساس نہیں تھا کہ ارطغرل غازی اتنا مقبول ہوگا۔

ارطغرل غازی میں حلیمہ سلطان بننے والی اداکارہ نے بتایا تھا کہ وہ پاکستانی برانڈز کے ساتھ کام کرنے کے حوالے سے ابھی کچھ بھی نہیں کہنا چاہتیں تاہم اس حوالے سے آنے والے وقت میں باضابطہ اعلان ہوجائے گا۔

ایسرا بلگچ کے مذکورہ انٹرویو کے بعد مزید پاکستانی برانڈز کی جانب سے اداکارہ سے رابطہ کیے جانے کا انکشاف ہوا جس کے بعد اداکارہ نے چند دن قبل اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں اردو میں وضاحت بھی کی۔

ایسرا بلگچ نے اردو میں اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں لکھا کہ ’میری آفیشنل مینیجر اور واحد نمائندہ صرف ڈیوگو دروکان جیجی ہے، آپ تمام اشتراک، خیالات، شراکت داری اور مجموعی طور پر کسی بھی منصوبے کے لیے ان سے براہ راست رابطہ کر سکتے ہیں‘۔

ساتھ ہی اداکارہ نے واضح کیا تھا کہ ترکی سے باہر وہ کسی بھی انتظامی کمپنی یا ادارے سے وابستہ نہیں ہیں۔

ایسرا بلگچ کی جانب سے مذکورہ اسٹوری کے حوالے سے قیاس آرائیاں تھیں کہ شاید ان سے دیگر پاکستانی برانڈز اور اداروں نے بھی کام کے حوالے سے رابطے کی کوشش کی تھی جس کی وجہ سے انہوں نے وضاحتی اسٹوری لکھی۔

 

install suchtv android app on google app store