سشانت سنگھ کی خودکشی بالی ووڈ انڈسٹری کے گلے کا پھندا بن گئی، مزید 3 لوگوں کی جان لے گئی

بالی وڈ اداکار سشانت سنگھ فائل فوٹو بالی وڈ اداکار سشانت سنگھ

بالی وڈ اداکار سشانت سنگھ کی خودکشی کی خبر سامنے آنے کے بعد سے ان کے مداح غمزدہ ہیں جب کہ ان کی خودکشی کے صدمے سے مزید 3 لوگوں کی اموات بھی سامنے آئی ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق اداکار سشانت سنگھ کی خودکشی کی خبر سننے کے بعد ان کے کزن کی اہلیہ یہ صدمہ برداشت نہ کر سکیں اور وہ بھی انتقال کر گئیں جب کہ ان کے 2 مداحوں نے بھی خودکشی کرلی۔

سشانت کے کزن کی اہلیہ سدھا دیوی اس صدمے کو برداشت نہیں کر سکیں اور ان کا بھی انتقال ہوگیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق سدھا دیوی جگر کے کینسر میں مبتلا تھیں اور سشانت کی خودکشی کا سن کر انہوں نے کھانا پینا چھوڑ دیا تھا اور وہ مسلسل انہیں یاد کرکے رو رہی تھیں۔

دوسری جانب سشانت کی نوجوان مداح نے بھی اداکار کی خودکشی کی خبر سننے کے بعد خود بھی خودکشی ہی کر لی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق 17 سالہ لڑکی ڈپریشن میں مبتلا تھی، اس نے ٹی وی پر مسلسل سشانت کی خودکشی کی خبر سننے کے بعد خود کو بھی پنکھے سے لٹکا کر اپنی جان لے لی۔

خودکشی کرنے والی لڑکی کی والدہ نے پولیس کو بتایا کہ ان کی بیٹی امتحانات میں کامیابی نہ ہونے کی وجہ سے ڈپریشن میں مبتلا تھی اور وہ میرے منع کرنے کے باوجود بھی مسلسل ٹی وی اور سوشل میڈیا پر سشانت کی خودکشی سے متعلق خبریں پڑھ رہی تھی۔

لڑکی کی والدہ کا کہنا تھاکہ جب میں اپنی بیٹی کے کمرے میں گئی تو اس نے خود کو میری ساڑھی سے پھندا بنا کر لٹکایا ہوا تھا جس کے بعد ہم اسے فوراً اسپتال لے کر گئے مگر وہ اس وقت انتقال کر چکی تھی۔

اسی طرح بھارتی ریاست اتر پردیش میں بھی سشانت سنگھ کے نوجوان مداح نے اداکار کی خودکشی کی خبر سننے کے بعد اپنی بھی جان لے لی۔

 

install suchtv android app on google app store