ہمایوں ایسے ہی محنت کرتے رہے تو شاید کبھی اداکاری سیکھ جائیں گے، نعمان اعجاز کا بڑا بیان

 نعمان اعجاز اور ہمایوں سعید فائل فوٹو نعمان اعجاز اور ہمایوں سعید

کورونا وائرس کے باعث عوام کے ساتھ ساتھ نامور ستارے بھی اپنے گھروں میں محصور ہوگئے ہیں اور ایسے میں مداحوں سے رابطے میں رہنے کے لیے اب زیادہ سے زیادہ اداکار انسٹاگرام پر لائیو چیٹنگ کررہے ہیں۔

حال ہی میں اداکار نعمان اعجاز بھی اداکار واسع چوہدری کے ہمراہ ان کے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر لائیو گئے جہاں انہوں نے مداحوں سے کئی دلچسپ باتیں کیں۔

اس لائیو چیٹ کے دوران نعمان اعجاز نے اداکار ہمایوں سعید اور عدنان صدیقی کے اداکاری پر بھی اپنی رائے کا اظہار کیا اور یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہوئی۔

نعمان اعجاز نے انکشاف کیا کہ انہوں نے کامیاب ہونے والا ڈراما ’میرے پاس تم ہو‘ نہیں دیکھا، یاد رہے کہ اس ڈرامے میں ہمایوں سعید اور عدنان صدیقی دونوں نے ہی اہم کردار نبھائے۔

نعمان اعجاز نے اس ڈرامے کا حوالہ دیتے ہوئے مزاحیہ انداز میں کہا کہ ’عام طور پر لوگ گزرتے سالوں کے ساتھ خود کو بہتر کرلتے ہیں لیکن ہمایوں نے ایسا نہیں کیا‘۔

انہوں نے مزید کہا کہ ’لیکن اگر وہ ایسے ہی محنت کرتا رہے تو شاید کسی دن حادثاتی طور پر ان کو اداکاری آجائے گی، میں پراُمید ہوں اور انسان کو اللہ کی ذات سے نااُمید نہیں ہونا چاہیے، میں دعا کرتا ہوں کہ انہیں جلد کام آجائے‘۔

جب ویڈیو کے دوران واسع چوہدری نے نعمان اعجاز سے عدنان صدیقی کے حوالے سے پوچھا تو انہوں نے کہا کہ ’عدنان صدیقی بھی ہمایوں سعید کے نقشے قدم پر ہیں لیکن خوشی ہے کہ وہ اس عمر میں بھی کامیاب ہورہے ہیں‘۔

آخر میں نعمان اعجاز نے یہ بھی بتایا کہ انہوں نے یہ سب صرف مذاق میں کہا اور اس میں برا ماننے والی کوئی بات نہیں۔

دوسری جانب ہمایوں سعید نے فہد مصطفیٰ کے گیم شو جیتو پاکستان میں اس واقعے پر اپنی رائے کا اظہار کیا۔

ہمایوں کا کہنا تھا کہ نعمان اعجاز ماضی میں سامنے آئے ڈرامے میں میرے والد کا کردار کرچکے ہیں اور انہوں نے یہ بھی انکشاف کیا کہ آنے والی ایک فلم میں بھی نعمان اعجاز ان کے والد کے کردار میں نظر آئیں گے۔

یاد رہے کہ ہمایوں سعید نے 1995 میں ڈرامے ’کروڑوں کا آدمی‘ کے ساتھ کیریئر کا آغاز کیا تھا جس میں نعمان اعجاز نے بھی اہم کردار نبھایا۔

install suchtv android app on google app store