اداکار رشی کپور کے انتقال پر نامور پاکستانی شخصیات بھی غمزدہ

اداکار رشی کپور کے انتقال پر نامور پاکستانی شخصیات بھی غمزدہ فائل فوٹو اداکار رشی کپور کے انتقال پر نامور پاکستانی شخصیات بھی غمزدہ

بالی وڈ میں اپنے دور میں رومانوی کرداروں کے لیے معروف اداکار رشی کپور ممبئی کے ہسپتال میں وفات پا گئے ہیں۔

ان کی عمر 67 برس تھی اور وہ لیوکیمیا یا خون کے کینسر میں مبتلا تھے۔

ان کے بڑے بھائی رندھیر کپور نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے ان کی موت کی تصدیق کی ہے۔

رشی کپور کا تعلق بالی وڈ کے مشہور کپور خاندان سے تھا اور وہ اداکار، فلمساز اور ہدایتکار راج کپور کے منجھلے بیٹے تھے۔

انھوں نے اپنے زمانے کی مشہور ہیروئن نیتو سنگھ سے 1980 میں شادی کی تھی اور ان کے بیٹے رنبیر کپور بھی اس وقت بالی وڈ میں صفِ اول کے اداکار ہیں۔ رنبیر کے علاوہ رشی کپور کی ایک بیٹی ردھیما بھی ہیں۔

رشی کپور کو بدھ کی صبح طبعیت بگڑنے پر ممبئی کے ایچ این ریلائنس ہسپتال منتقل کیا گیا تھا۔

بالی وڈ کے لیجنڈری اداکار رشی کپور کے انتقال پر مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی نامور شخصیات کی جانب سے افسوس کا اظہار کیا گیا۔

رشی کپور لیوکیمیا (خون کے سرطان) میں مبتلا تھے اور گزشتہ دو برس سے موت سے جنگ لڑرہے تھے تاہم آج وہ اپنے مداحوں سے بچھڑ گئے جس کی تصدیق ان کے اہل خانہ کی جانب سے کی گئی۔

لیجنڈری اداکار رشی کپور کے انتقال پر نامور پاکستانی شخصیات بھی غمزدہ ہیں اور اپنے دکھ کا اظہار سوشل میڈیا پیغامات کے ذریعےکر رہے ہیں۔

ماورا حسین

اداکارہ ماورا نے سوشل میڈیا پیغام میں لکھا کہ لوگ کبھی نہیں بھولیں گے کہ انہیں آپ سے مل کر کیسا لگتا تھا، میں جب بھی آپ سے ملی مجھے یاد ہے آپ کی رحم دلی، مزاح آپ کا اردو سے لگاؤ اور دونوں سرحدوں کے پار کے کھانوں پر طویل بات چیت کرنا، آپ لیجینڈ ہیں اور لیجینڈ ہی رہیں گے۔

ثمینہ پیرزادہ

معروف اداکارہ ثمینہ پیرزادہ نے بھی رشی کپور کو الوداع کہا۔

زینب عباس

اسپورٹس اینکر پرسن زینب عباس نے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ گزشتہ روز عرفان خان اور آج رشی کپور، 2020 میں کیا ہو رہا ہے۔

شعیب اختر

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بولر شعیب اختر نے گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے ٹوئٹر پوسٹ پر رشی کپور کی اداکاری کی یادگار تصاویر شیئر کیں اور کہا کہ وہ اپنے ساتھ ایک عہد لے گئے ہیں۔

راحت فتح علی خان

گلوکار راحت فتح علی خان نے بھی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ’ میرے مرحوم انکل استاد نصرت فتح علی خان اور میرے والد فرخ فتح علی خان کو رشی کپور کی شادی میں پرفارم کرنے کے لیے خصوصی طور پر مدعو کیا گیا تھا‘۔

واضح رہے کہ لیجینڈری اداکار رشی کپور کو پاکستان سے بے حد لگاؤ تھا اور وہ اکثر پاکستان کا دورہ کرنے کی خواہش کا اظہار کرتے رہتے تھے۔

install suchtv android app on google app store