ڈرامہ 'میرے پاس تم ہو' میری بہت بڑی غلطی تھی، اداکارہ کا چونکا دینے والا بیان سامنے آگیا

اس وقت 'میرے پاس تم ہو' ڈرامے کی کافی چرچا ہے فائل فوٹو، اسکرین گریب اس وقت 'میرے پاس تم ہو' ڈرامے کی کافی چرچا ہے

اس وقت 'میرے پاس تم ہو' ڈرامے کی کافی چرچا ہے وہیں ڈرامے کے مصنف خلیل الرحمٰن قمر کے متنازع بیانات کی وجہ سے شدید تنقید کا نشانہ بھی بنایا جارہا ہے۔

انٹرنیٹ پر مقبول ہونے والے اس ڈرامے کی کاسٹ میں کئی اداکار و اداکارائیں شامل ہیں جن میں سے ایک ماڈل و اداکارہ رحمت اجمل بھی ہیں۔

رحمت اجمل اس ڈرامے میں 'عائشہ' نامی لڑکی کے کردار میں نظر آئیں جو ڈرامے کے مرکزی کردار 'دانش' کی دوست بنی ہیں۔

جہاں کاسٹ میں موجود ہر اداکار کی اداکاری کو پسند کیا گیا وہیں اب رحمت اجمل نے بھی خلیل الرحمٰن قمر کی وجہ سے خود کو اس ڈرامے سے الگ کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک پوسٹ کے ذریعے اداکارہ نے لکھا کہ 'میں جانتی ہوں کہ فنکار ہونے کی حیثیت سے ہماری سماجی ذمہ داری ہے کہ ہم ایسا مواد پروڈیوس کریں جس کے ذریعے مثبت پیغام دیا جائے اور میں اپنی اس ذمہ داری کو بےحد سنجیدگی سے ادا کرنے کی کوشش کرتی ہوں'۔

اداکارہ کے مطابق 'مجھے کئی روز سے ایسے پیغامات موصول ہورہے جس میں نفرت انگیز جملے اور پریشانیوں کا اظہار کیا گیا، یہی وجہ ہے کہ میں نے اب کھل کر بات کرنے کا فیصلہ کیا'۔

رحمت اجمل نے کہا کہ 'میں خلیل الرحمٰن قمر کے نظریات سے بالکل اتفاق نہیں کرتی، میں نے خلیل الرحمٰن قمر کا انٹرویو سنا اور ڈرامے کے اختتام سے قبل مجھے ان کے پریشان کن خیالات کا اندازہ ہوگیا، میں ایسے کسی پروجیکٹ کا حصہ بن کر فخر محسوس نہیں کرتی جس کے لکھاری کے نظریات ایسے ہوں'۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ 'البتہ میں اور میرے جیسے دیگر اداکار خلیل الرحمٰن قمر کی سوچ کے بارے میں اس وقت نہیں جانتے تھے جب ہم نے ایک سال قبل اس ڈرامے کی شوٹنگ کی، نہ ہمیں مکمل کہانی معلوم تھی، پروجیکٹ میں میرا کردار ویسے بھی مختصر ہے، یہ میرے کیریئر کا پہلا ٹی وی ڈراما ہے اور میں اس وقت سیکھ ہی رہی ہوں، میں نے اس پروجیکٹ کے ساتھ یہ بھی سیکھا کے اپنے انتخابات کو لےکر محتاظ رہنے کی ضرورت ہے'۔

اداکارہ نے اپنی پوسٹ کا اختتام اس درخواست کے ساتھ کیا کہ لوگ نئے فنکاروں کو موقع دیں کہ وہ سیکھ سکیں۔

 

install suchtv android app on google app store