زندگی کے غموں کو شاعری کا روپ دینے والے ’محسن نقوی‘ کو بچھڑے 24 برس بیت گئے، ان کی کچھ نظمیں ملاحظہ فرمائیں

’محسن نقوی‘ کو بچھڑے 24 برس بیت گئے فائل فوٹو ’محسن نقوی‘ کو بچھڑے 24 برس بیت گئے

زندگی کے غم، تکالیف اور مصائب کو شاعری کا روپ دینے والے ممتاز شاعر محسن نقوی کو مداحوں سے بچھڑے 24 برس بیت گئے ہیں۔

محسن نقوی غزل، نظم اور مرثیہ نگاری میں مہارت رکھتے تھے، شہرہ آفاق نظم یا اللہ یا رسول بے نظیر بے قصور بھی انہی کے قلم کی تخلیق ہے۔

انہوں نے غزل اور نظم میں بے مثال خزانہ چھوڑا، مرثیہ نگاری سے شہرت حاصل کی اور 15 جنوری 1996 کو محبتوں کے محسن کو دہشت گردی کے اندھیرے نگل گئے۔

ان کی تدفین آبائی علاقہ ڈیرہ غازی خان میں ہوئی۔

 

دل کو چھو لینے والی شاعری تخلیق کرنے والے اور اپنے درد کو الفاظ میں پرونے والے محسن نقوی 24برس بعد بھی مداحوں کے دلوں میں زندہ ہیں۔

محسن نقوی کے مجموعہِ کلام میں عذاب دید، خیمہ جاں، برگ صحرا اور دیگر کتابیں شامل ہیں۔ اہل بیت کی محبت اور واقعہ کربلا جا بجا ان کی شاعری میں نظر آتا ہے۔

ان کی کچھ نظمیں:

تھک جاؤ گی

پاگل آنکھوں والی لڑکی

اتنے مہنگے خواب نہ دیکھو

تھک جاؤ گی

کانچ سے نازک خواب تمہارے

ٹوٹ گئے تو

پچھتاؤ گی

سوچ کا سارا اجلا کندن

ضبط کی راکھ میں گھل جائے گا

کچے پکے رشتوں کی خوشبو کا ریشم

کھل جائے گا

تم کیا جانو

خواب سفر کی دھوپ کے تیشے

خواب ادھوری رات کا دوزخ

خواب خیالوں کا پچھتاوا

خوابوں کی منزل رسوائی

خوابوں کا حاصل تنہائی

تم کیا جانو

مہنگے خواب خریدنا ہوں تو

آنکھیں بیچنا پڑتی ہیں یا

رشتے بھولنا پڑتے ہیں

اندیشوں کی ریت نہ پھانکو

پیاس کی اوٹ سراب نہ دیکھو

اتنے مہنگے خواب نہ دیکھو

تھک جاؤ گی

 

یہ دل یہ پاگل دل مرا کیوں بجھ گیا آوارگی

اس دشت میں اک شہر تھا وہ کیا ہوا آوارگی

کل شب مجھے بے شکل کی آواز نے چونکا دیا

میں نے کہا تو کون ہے اس نے کہا آوارگی

لوگو بھلا اس شہر میں کیسے جئیں گے ہم جہاں

ہو جرم تنہا سوچنا لیکن سزا آوارگی

یہ درد کی تنہائیاں یہ دشت کا ویراں سفر

ہم لوگ تو اکتا گئے اپنی سنا آوارگی

اک اجنبی جھونکے نے جب پوچھا مرے غم کا سبب

صحرا کی بھیگی ریت پر میں نے لکھا آوارگی

اس سمت وحشی خواہشوں کی زد میں پیمان وفا

اس سمت لہروں کی دھمک کچا گھڑا آوارگی

کل رات تنہا چاند کو دیکھا تھا میں نے خواب میں

محسنؔ مجھے راس آئے گی شاید سدا آوارگی

install suchtv android app on google app store