حال ہی میں شادی کے بندھن میں بندھ جانے والی اقرا عزیز، شادی شدہ خواتین پر تشدد کے موضوع پر سامنے آگئی

اقرا عزیز فائل فوٹو اقرا عزیز

حال ہی میں شادی کے بندھن میں بندھ جانے والی اقرا عزیز کے نئے آنے والے ڈرامے ’جھوٹی‘ کے 2 مختصر دورانیے کے ٹیزر سامنے آتے ہی وائرل ہوگئے۔

’جھوٹی‘ کو ’میرے پاس تم ہو‘ کے بعد کہانی کے حوالے سے بہت تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے اور کئی لوگوں نے ڈرامے پر پاکستانی سماج کے ایک بہت بڑے مسئلے کو غلط انداز میں پیش کرنے کا الزام لگایا۔

’جھوٹی‘ کے سامنے آنے والے 2 مختصر ٹیزرز کو دیکھ کر ڈرامے کی مکمل کہانی کو سمجھنا مشکل ہے، تاہم اندازہ ہوتا ہے کہ ڈرامے کی کہانی شادی شدہ خواتین پر ہونے والے گھریلو تشدد اور ان واقعات میں خواتین کی جانب سے بولے جانے والے جھوٹ پر مبنی ہوتی ہے۔

ایک ٹیزر میں ڈرامے کی مرکزی کاسٹ اقرا عزیز اور احمد علی بٹ کو دکھایا گیا ہے جس میں دونوں کی شادی کے معاملے کو بھی دکھایا گیا ہے۔

جب کہ دوسرے مختصر ٹیزر میں صرف اقرا عزیز کو دکھایا گیا ہے جنہیں گھر میں ایک شیشے کے سامنے ’گھریلو تشدد‘ کا ڈراما رچاتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔

ٹیزر میں دکھایا گیا ہے کہ کس طرح شادی کے بعد اقرا عزیز اپنے دکاندار شوہر اور سسرالیوں پر گھریلو تشدد کا ڈراما رچانے کی کوشش کرتے ہوئے مکروہ انداز میں ہنستی ہیں۔

شائقین کی جانب سے اسی ٹیزر کو سب سے زیادہ تنقید کا نشانہ بنایا گیا اور ڈرامے کی ٹیم پر پاکستان کے اہم ترین اور سنگین مسئلے کو غلط انداز میں پیش کرنے کا الزام بھی لگایا۔

ٹوئٹر پر کئی مداحوں نے اقرا عزیز کی جانب سے مذکورہ ڈرامے میں مرکزی کردار ادا کرنے اور خواتین پر ہونے والے گھریلو تشدد پر ڈراما رچانے پر بھی انہیں تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ انہیں توقع نہیں تھی کہ اقرا عزیز بھی اہم ترین مسئلے کو غلط انداز میں پیش کرنے والے ڈرامے میں کردار ادا کریں گی۔

 

install suchtv android app on google app store