ٹیلر سوئفٹ نے پاکستانی طالبہ کی مدد کر کے سب کو حیران کردیا

امریکی گلوکارہ ٹیلر سوئفٹ فائل فوٹو امریکی گلوکارہ ٹیلر سوئفٹ

مایہ ناز امریکی گلوکارہ ٹیلر سوئفٹ نے کینیڈا میں مقیم پاکستانی نژاد طالبہ کی یونی ورسٹی کی فیس ادا کرکے ساری دنیا کو حیران کردیا ہے، ٹیلر سوئفٹ کے اس اقدام کو ساری دنیا میں سراہا جارہا ہے۔

پاکستانی نژاد عائشہ خرم کی یونی ورسٹی کی فیس ادا کرنے پر امریکی گلوکارہ کو اس وقت ساری دنیا میں سراہا جارہا ہے ، عائشہ خرم پہلے سے ہی ٹیلر سوئفٹ کی بہت بڑی مداح تھیں اور اب تو وہ انہیں اپنا ہیرو قرار دے رہی ہیں۔

پاکستان سے تعلق رکھنے والی عائشہ خرم کینیڈا کے شہر مسی ساگا میں اپنے والدین کے ساتھ رہائش پذیر ہیں جہاں ان دنوں انہیں مالی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا جس کے سبب ان کی تعلیم بھی خطرے میں تھی ، عائشہ کے والدین بھی ان دنوں مشکل مالی حالات دیکھ رہے ہیں جس کے سبب ان کی جانب سے بھی مدد ممکن نہیں رہی تھی۔

اس صورتحال میں عائشہ نے اپنے دوستوں سے مشورہ کیا اور اس کے بعد اپنے تعلیمی اخراجات کے لیے مدد کی اپیل سوشل میڈیا پر پوسٹ کی اور محض دو گھنٹے بعد ہی ان کی اپیل پر امریکی گلوکارہ ٹیلر سوئفٹ کی سوشل میڈیا ٹیم کی جانب سے مثبت جواب آگیا ، عائشہ کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ ان کی زندگی کی یادوں میں سب سے حسین یاد بن کر رہے گا۔

عائشہ خرم یونی ورسٹی آف واٹر لو میں اکاؤنٹس اور فنانشل مینجمنٹ کی طالبہ ہیں اور ٹیلر سوئفٹ کی بہت بڑی مداح بھی ہیں۔ گزشتہ برس اگست میں امریکی گلوکارہ کے ٹورنٹو دورے کے موقع پر عائشہ نے ٹیلر سے ملاقات کی تو گلوکارہ نے انہیں اپنا سب سے بڑا مداح قرار دیا تھا۔

عائشہ نے ٹیلر سوئفٹ کی جانب سے موصول ہونے والی مدد کو اپنے انسٹا گرام پر بھی پوسٹ کیا ہے۔

ٹیلر سوئفٹ نے عائشہ کی یونی ورسٹی فیس کے لیے رقم بھیجنے کے ساتھ ایک پیغام بھی بھیجا جس میں انہوں نے کہا ۔ ’’ عائشہ، اپنی تعلیم جاری رکھو، میں تم سے پیار کرتی ہوں! ٹیلر‘‘۔ ابتدا میں تو عائشہ کو یقین ہی نہیں آیا کہ ان کی سب سے بڑی مشکل حل ہوچکی ہے ، کچھ دیر بعد انہوں نے اس کا اسکرین شاٹ سوشل میڈیا پر پوسٹ کیا جس نے دنیا بھر میں ہلچل مچادی۔

install suchtv android app on google app store