محسن عباس کی زندگی کو لگا ایک اور زوردار جھٹکا

اداکار محسن عباس حیدر فائل فوٹو اداکار محسن عباس حیدر

اداکار محسن عباس حیدر پر اپنی اہلیہ پر تشدد کے مقدمے کا اندراج ہونے کے بعد انہیں نوکری سے نکال دیا گیا ہے۔

تھانہ ڈیفنس سی میں فاطمہ سہیل چوہدری کی درخواست پر ان کے شوہر محسن عباس حیدر کے خلاف منگل کے روز سہہ پہر 4 بجے 406 اور 506B کے تحت مقدمہ درج کیا گیا۔ مقدمے میں جان سے مارنے کی دھمکیاں دینے اور امانت میں خیانت کی دفعات لگائی گئی ہیں۔

اداکار و گلوکار کے خلاف مقدمہ درج ہونے کے بعد نجی ٹی وی نے محسن عباس حیدر سے لاتعلقی کا اعلان کردیا ہے۔ نجی ٹی وی کی جانب سے جاری اپنے بیان میں کہا گیا ہے کہ ’معروف پروگرام مذاق رات کے (ڈی جے) محسن عباس حیدر پر گھریلو تنازع کی بنیاد پر ہونے والے کیس کی وجہ سے عوام کے جذبات کو ٹھیس پہنچی جس کا اظہار عوام کی جانب سے مختلف پلیٹ فارمز پر کیا گیا۔ انتظامیہ نے اپنے ناظرین کے جذبات کو مدنظر رکھتے ہوئے محسن عباس حیدر پر ایف آئی آر کے اندراج کے بعد ان سے اعلان لاتعلقی کیا ہے۔جب تک محسن عباس حیدر اپنی بے گناہی ثابت نہیں کرتے، وہ پروگرام مذاق رات کا حصہ نہیں ہوں گے۔ فی الحال جو پروگرام نشر کیے جا رہے ہیں، وہ اس نا خوشگوار واقعہ سے قبل ریکارڈ کیے گئے ہیں۔‘

خیال رہے کہ محسن عباس حیدر کی اہلیہ نے ایک فیس بک پوسٹ کے ذریعے بتایا تھا کہ ان کے شوہر ان پر تشدد کرتے رہے ہیں۔ محسن نے انہیں ایک ایسے وقت میں تشدد کا نشانہ بنایا جب وہ حاملہ تھیں۔ اپنی اہلیہ کے الزامات کے جواب میں محسن عباس حیدر نے پریس کانفرنس میں اپنی اہلیہ پر جوابی الزامات لگائے تھے۔ پیر کو دونوں ایس پی کینٹ کے دفتر میں پیش ہوئے جہاں میاں بیوی کو آمنے سامنے بٹھا کر بیانات ریکارڈ کیے گئے تھے۔

 

install suchtv android app on google app store