ووگ میگزین: امریکی صحافی نور کی جگہ پاکستانی اداکارہ نور بخاری نے لی

یہ بھی سچ ہے کہ غلطیاں بھی انسان سے ہی ہوتی ہیں اور صحافی بھی انسان ہی ہوتے ہیں جو بعض اوقات کام کے دوران چھوٹی مگر سنگین غلطیاں کر جاتے ہیں۔

پاکستانی میڈیا سمیت عالمی میڈیا میں غلطیوں کی ایک الگ تاریخ ہے، تاہم حال ہی میں فیشن دنیا کے معروف اور معتبر ترین میگزین ’ووگ‘ نے بھی ایک ایسی غلطی کی، جس پر انہیں معرت کرنی پڑی۔

جی، ہاں، امریکی فیشن میگزین ’ووگ‘ نے آنے والے ماہ فروری کے اپنے شمارے میں لبنانی نژاد امریکی صحافی اور سماجی کارکن نور تگوری کی خدمات کے عوض انہیں خراج تحسین پیش کیا۔

’ووگ‘ نے نور تگوری کی تصاویر دینے سمیت ان کی خدمات کے عوض ان کی تعریف کرنے کا ارادہ بھی کیا، تاہم ادارہ ایسا کرنے میں ناکام رہا۔

حیران کن طور پر ’ووگ‘ میگزین نے امریکی صحافی نور تگوری کے بجائے پاکستانی اداکارہ و ماڈل نور بخاری کی تعریف کردی۔

جی ہاں، ووگ میگزین نے امریکی صحافی نور تگوری کی حجاب کے ساتھ تصویر دیتے ہوئے الفاظ میں ان کی تعریف کرنے کے بجائے پاکستانی اداکارہ و ماڈل نور بخاری کی تعریف کردی، جس وجہ سے امریکی خاتون صحافی کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔

’ووگ‘ کی جانب سے کی گئی اس غلطی کی نشاندہی خود نور تگوری نے اپنی انسٹاگرام پوسٹ کے ذریعے کی۔

نور تگوری نے انسٹاگرام پر ویڈیو پوسٹ کرتے ہوئے لکھا کہ انہیں ’ووگ‘ کا فروری کا شمارہ جان ایف کینیڈی ایئرپورٹ پر ملا، جس میں انہوں نے اپنی غلط تعریف دیکھی، جس سے انہیں پریشانی ہوئی۔

نور تگوری کی جانب سے شیئر کی گئی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ وہ میگزین میں شائع اپنی تصویر دکھانے سمیت اس کے نیچے دیے گئے کیپشن کو دکھا رہی ہیں، جس میں پاکستانی اداکارہ و ماڈل نور بخاری کا تعارف اور تعریف پڑھی جا سکتی ہے۔

امریکی صحافی کا کہنا تھا کہ ان کی تصویر کے نیچے پاکستانی اداکارہ و ماڈل کا تعارف دیا گیا، جسے پڑھ اور دیکھ کر انہیں شدید پریشانی ہوئی، جو ان کے چہرے کے تاثرات سے بھی دیکھی جا سکتی ہے۔

امریکی صحافی کی جانب سے غلطی کی نشاندہی کیے جانے کے بعد ’ووگ‘ نے بھی اپنی انسٹاگرام پوسٹ کے ذریعے نور تگوری اور نور بخاری سے معذرت کی۔

ووگ نے نور تگوری کی وہی تصویر انسٹاگرام پر شیئر کی، جس تصویر کو میگزین مین شائع کرکے کیپشن میں نور بخاری کا تعارف لکھا گیا تھا۔

فیشن میگزین نے اپنے بیان میں صحافی و اداکارہ سے معذرت کی اور کہا کہ ادارہ اس غلطی پر شرمندہ ہے۔

لیکن دلچسپ بات یہ ہے کہ یہ پہلا موقع نہیں تھا کہ امریکی ٓخاتون صحافی نور تگوری کی تصویر کو استعمال کرتے ہوئے ان کی غلط تعریف اور تعارف لکھا گیا ہو۔

اس سے قبل 2018 میں بھی نور بخاری کی تصاویر کو امریکی میڈیا نے ایک دہشت گرد کی بیوی کے طور پر شائع کیا تھا۔

امریکی میڈیا نے امریکی ریاست اورلینڈو کے نائٹ کلب میں 2016 میں حملہ کرنے والے دہشت گرد عمر متین کی اہلیہ نور سلمان کی گرفتاری کی خبروں میں صحافی نور تگوری کی تصاویر شائع کی تھی۔

اگرچہ نور سلمان کو 2017 میں ہی گرفتار کرلیا گیا تھا، تاہم گزشتہ برس اس معاملے کی خبر میڈیا کی زینت بنتے وقت دہشت گرد کی بیوی کی اصل تصاویر کے بجائے صحافی نور تگوری کی تصاویر شیئر کی گئی تھیں۔

install suchtv android app on google app store