نازیہ حسن کی زندگی پر فلم بنانے کی تیاریاں

نازیہ حسن کی زندگی پر فلم بنانے کی تیاریاں فائل فوٹو نازیہ حسن کی زندگی پر فلم بنانے کی تیاریاں

پاکستان کی سابق پاپ گلوکارہ نازیہ حسن کی زندگی پر ان کے سابق شوہر فلم بنانے کا ارادہ رکھتے ہیں، تاہم گلوکارہ کے بھائی اور دیگر اہل خانہ اس عمل سے ناراض ہیں۔

نازیہ حسن کے بھائی اور گلوکار زوہیب حسن کے مطابق انہوں نے سنا ہے کہ گلوکارہ کے سابق شوہر میاں اشتیاق بیگ ان کی زندگی پر فلم بنانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

انہوں نے اپنی مختصر سی پوسٹ میں لکھا کہ ان کی بہن پر فلم بنانے والے کسی بھی شخص کے خلاف ان کا خاندان قانونی مقدمہ دائر کرے گا۔

زوہیب حسن کے آفیشل فیس بک پیچ پر کی جانے والی پوسٹ میں کہا گیا کہ ‘حسن کے اہل خانہ کو علم ہوا ہے کہ نازیہ کے سابق شوہر ان کی زندگی پر فلم بنانے کی کوشش کرکے ان کا نام استعمال کرکے اس سے منافع کمانا چاہتے ہیں’۔

پوسٹ میں انہوں نے واضح کیا کہ اگر کوئی بھی فرد ایسی کوشش کرتا ہے اور نازیہ کی زندگی پر فلم بناتا ہے تو وہ ہمارے خاندان کی جانب سے قانونی جنگ کا سامنا کرے گا۔

ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی کہا کہ نازیہ حسن اور ان کی موسیقی سے متعلق تمام مواد کے مالکانہ حقوق ان کے پاس موجود ہیں، اگر دنیا بھر میں کوئی بھی ان کی خلاف ورزی کرے گا تو وہ بھی قانونی جنگ کا سامنا کرے گا۔
تاہم نازیہ حسن کے سابق شوہر میاں اشتیاق بیگ نے تاحال اس حوالے سے کوئی بیان نہیں دیا۔

خیال رہے کہ پاپ گلوکارہ نے 1995 میں صنعت کار میاں اشتیاق بیگ سے شادی کی، جن سے انہیں ایک بیٹا بھی ہے، تاہم ان کی شادی کامیاب نہ ہوسکی اور دونوں کے درمیان سال 2000 میں طلاق ہوگئی۔

install suchtv android app on google app store