ہمایوں سعید عیدالضحیٰ پر ایک ساتھ 3 پاکستانی فلمیں ریلیز ہونے پر ناخوش

اداکار ہمایوں سعید فائل فوٹو اداکار ہمایوں سعید

اداکار ہمایوں سعید کا کہنا ہے کہ عیدالضحیٰ پرایک ساتھ 3 پاکستانی فلمیں ریلیز ہونے سے خوش نہیں ہوں۔

عید الضحیٰ پر مقامی سینماؤں میں تین فلمیں ریلیز ہورہی ہیں جن میں ہمایوں سعید اورفہد مصطفی کی ’’جوانی پھر نہیں آنی2‘‘، حمزہ علی عباسی کی’’پرواز ہے جنون‘‘اور فہد مصطفیٰ اورمہوش حیات کی فلم’’لوڈ ویڈنگ‘‘شامل ہیں۔

یہ تینوں بڑے بجٹ کی فلمیں ہیں جن کا انتظار شائقین بے چینی سے کر رہے ہیں تاہم ہمایوں سعید تینوں فلمیں ایک ساتھ ریلیز ہونے پر خوش نہیں ہیں۔

ہمایوں سعید نے حال ہی میں دیئے گئےانٹرویو میں اپنی فلم ’’جوانی پھر نہیں آنی2‘‘کے حوالے سے بتایا کہ اس فلم کی کہانی وہیں سے شروع ہوتی ہے جہاں سے فلم ’’جوانی پھر نہیں آنی‘‘ کی کہانی ختم ہوئی تھی، لیکن اس بار فلم میں پہلے سے زیادہ کامیڈی اور ڈراما شامل ہے جو دیکھنے والوں کو پسند آئے گا۔

ہمایوں سعید نے کہا کہ ایمانداری سے کہا جائے تو میں تینوں فلمیں ایک ساتھ ریلیز ہونے پر خوش نہیں ہوں کیونکہ تینوں فلمیں ایک ساتھ ریلیز ہونے کا اثر فلموں کے بزنس پر پڑے گا اور یہی دکھ کی بات ہے، لیکن اب جب کہ فلمیں ریلیز ہورہی ہیں تو میں امید کرتا ہوں کہ یہ تینوں فلمیں شائقین کو پسند آئیں۔

واضح رہے کہ ہدایت کار ندیم بیگ کی فلم’’جوانی پھر نہیں آنی2‘‘میں اداکار ہمایوں سعید، فہد مصطفیٰ، احمد بٹ، واسع چوہدری، ماورا حسین، کبریٰ خان اور ثروت گیلانی شامل ہیں فلم عید الضحیٰ پر ریلیز کی جائے گی۔

 

install suchtv android app on google app store