علی ظفر نے میشا شفیع کو 10 کروڑ ہرجانے کا نوٹس بھجوا دیا

علی ظفر نے میشا شفیع کو 10 کروڑ ہرجانے کا نوٹس بھجوا دیا فائل فوٹو علی ظفر نے میشا شفیع کو 10 کروڑ ہرجانے کا نوٹس بھجوا دیا

پاکستانی گلوکار و اداکار علی ظفر نے خود پر جنسی طور پر ہراساں کرنے کا الزام لگانے والی ادکارہ و گلوکارہ میشا شفیع کو ہرجانے کا قانونی نوٹس بھجوا دیا۔

خیال رہے کہ 19 اپریل کو میشا شفیع نے اپنی ٹوئیٹ کے ذریعے الزام عائد کیا کہ انہیں ساتھی گلوکار علی ظفر نے متعدد بار ایسے وقت میں جنسی طور پر ہراساں کیا، جب وہ خود کفیل اور معروف گلوکارہ و اداکارہ بن چکی تھیں۔

میشا شفیع کا کہنا تھا کہ علی ظفر نے انہیں اس وقت نشانہ بنایا، جب وہ 2 بچوں کی ماں بن چکی تھیں۔

گلوکارہ کا کہنا تھا کہ انہوں نے اپنے ساتھ ہونے والی ناانصافی پر کئی سال تک خاموشی اختیار کی، تاہم اب ان کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوچکا ہے، جس وجہ سے وہ اس معاملے کو سامنے لا رہی ہیں۔

میشا شفیع کی جانب سے الزامات عائد کیے جانے کے بعد علی ظفر نے تمام الزامات کو جھوٹا قرار دیتے ہوئے ان کے خلاف عدالت میں جانے کا اعلان کیا تھا۔

علی ظفر کا کہنا تھا کہ انہیں عورتوں کو ہراساں کرنے کے خلاف جاری مہم ’می ٹو‘ کا پتہ ہے اور انہیں اندازہ ہے کہ وہ کیوں اور کس لیے ہے۔

ساتھ ہی انہوں نے کہا تھا کہ وہ شادی شدہ اور جواں سالہ بیٹی اور بیٹے کے والد ہیں اور انہیں خواتین کی اہمیت و عزت کا اندازہ ہے۔

اب علی ظفر نے میشا شفیع کو جھوٹا الزام لگانے کے خلاف ہرجانے کا قانونی نوٹس بھجوادیا۔

زرائع  کے مطابق علی ظفر نے اپنے وکلاء کے ذریعے میشا شفیع کو 10 کروڑ روپے ہرجانے کا نوٹس بھجوادیا، تاہم ابھی اس بات کی تصدیق نہیں ہوسکی کہ نوٹس گلوکارہ کو موصول ہوا ہے یا نہیں؟

 

install suchtv android app on google app store