جامشورومیں مصوروں کا طویل پینٹنگ بنانے کا ریکارڈ

پاکستان و بیرون ممالک کے مصوروں نے طویل پینٹنگ بنانے کا ریکارڈ بنالیا فائل فوٹو پاکستان و بیرون ممالک کے مصوروں نے طویل پینٹنگ بنانے کا ریکارڈ بنالیا

صوبہ سندھ کے ضلع جامشورو کی مہران یونیورسٹی آف انجنیئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی (ایم یو آئی ٹی) میں منعقد دوسرے عالمی واٹرکلر بینالے فیسٹیول میں پاکستان و بیرون ممالک کے مصوروں نے طویل پینٹنگ بنانے کا منفرد ریکارڈ بنالیا۔

خیال رہے کہ مہران یونیورسٹی کے سینٹر آف ایکسیلنس ان آرٹس اینڈ ڈیزائن (سی ای اے ڈی) کی جانب سے ’انٹرنیشنل واٹر کلر سوسائٹی (آئی ڈبلیو ایس) کے تعاون سے ہونے والے دوسرے عالمی واٹر کلر بینالے فیسٹیول کا آغاز 14 فروری سے ہوا۔

پانچ روزہ عالمی میلے میں پاکستان سمیت دنیا کے متعدد ممالک کے آرٹسٹوں اور ماہرین نے شرکت کی، فیسٹیول کے آخری دن پاکستان و غیر ملکی مصورین نے طویل ترین پینٹنگ بناکر منفرد ریکارڈ بنایا۔

روزنامہ ڈان کی خبر کے مطابق 15 غیر ملکی و 10 ملکی مصوروں نے 22 میٹر طویل پینٹنگ بناکر منفرد ریکارڈ بنایا، پینٹنگ پر سندھ کی ثقافت سمیت معروف شخصیات کے پورٹریٹ بنائے گئے تھے۔

پینٹنگ میں خصوصی طور پر سندھ کے صحرائی علاقے تھر کی حالت و ثافت کو پیش کیا گیا۔

طویل ترین پینٹنگ بنانے والے غیر ملکی فنکاروں میں چین، ہانگ کانگ و سربیا سمیت دیگر ممالک کے مصور شامل تھے۔

عالمی واٹر کلر فیسٹیول میں دنیا کے 60 ممالک کے 20 مصوروں اور 50 مقامی مصوروں کی 450 سے زائد پینٹنگز اور فن پاروں کو نمائش کے لیے رکھا گیا تھا۔

عالمی فیسٹیول کو دیکھنے کے لیے صوبے بھر کے اسکول و کالجز کے طالبات سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی کے افراد بھی آئے۔

فیسٹیول میں امریکا، اٹلی، کینیڈا، برطانیہ، سعودی عرب، اسپین، ایران، انڈیا، چین، ہانگ کانگ، سربیا، نیپال، بنگلہ دیش، جمہوریہ چیک، پرتگال، رومانیہ اور پیرو سمیت دیگر ممالک کے مصوروں نے شرکت کی۔

install suchtv android app on google app store