فلموں کی ناکامی کے بعد منشا اور شہروز کی ٹی وی پر واپسی

 منشا اور شہروز فائل فوٹو منشا اور شہروز

اپنی فلموں ’چلے تھے ساتھ‘ اور ’چین آئے نہ‘ کے ساتھ فلمی دنیا میں ڈیبیو کرنے والے پاکستانی اداکار منشا پاشا اور شہروز سبزواری ایک مرتبہ پھر ٹیلی ویژن کی دنیا میں واپسی اختیار کررہے ہیں۔

یہ دونوں ایک ساتھ ’پرورش‘ نامی ڈرامے میں کام کرتے نظر آئیں گے، جس کی ہدایات اویس خان دے رہے ہیں، جبکہ اس ڈرامے میں فردوس جمال، علی خان، سونیا نذیر اور تارا محمود بھی اہم کردار نبھاتے نظر آئیں گے۔

ڈرامے میں اپنے کردار کے حوالے سے منشا نے ڈان کو بتایا کہ ’اس ڈرامے کی کہانی نہایت دلچسپ ہے جو ایک قدامت پسند ماحول سے تعلق رکھنے والی لڑکی کے گرد گھومتی ہے، جو بعدازاں اپنے آس پاس کے ماحول کی وجہ سے تھوڑی باغی ہوجاتی ہے، اس کے اپنے خواب ہوتے ہیں، لیکن بعد میں اسے احساس ہوتا ہے کہ اپنے خوابوں کو پورا کرتے ہوئے کبھی کبھار برے مسائل کا بھی سامنا کرنا پڑ سکتا ہے‘۔

شہروز سبزواری نے اس ڈرامے میں اپنے کردار کے حوالے سے بتایا کہ ’میرا کردار ایک ایسے لڑکے کا ہے جس کی تربیت بہت اچھے انداز میں نہیں کی گئی، وہ دل سے بُرا نہیں ہے، لیکن بہت سی باتوں کا خیال نہیں کرتا، میں اس ڈرامے میں بہت سی اداکاراؤں کے ساتھ کام کررہا ہوں اور اب تک میرا تجربہ خاصہ اچھا ہے‘۔

خیال رہے کہ اس سے قبل کئی نامور ڈراموں میں کام کرنے والے شہروز سبزواری اور منشا پاشا نے گزشتہ سال فلم ’چین آئے نہ‘ اور ’چلے تھے ساتھ‘ کے ساتھ پاکستانی فلمی دنیا میں ڈیبیو کیا۔

یہ دونوں فلمیں موضوع کے حوالے سے ایک دوسرے سے خاصی مختلف تھیں، جبکہ دونوں ہی باکس آفس پر اچھا تاثر جمانے میں ناکام رہیں۔

install suchtv android app on google app store