رشی کپور کی مرنے سے قبل پاکستان دیکھنے کی خواہش

رشی کپور کی مرنے سے قبل پاکستان دیکھنے کی خواہش رشی کپور کی مرنے سے قبل پاکستان دیکھنے کی خواہش

اپنی ٹوئیٹس کی وجہ سے شہرت رکھنے والے بولی وڈ کے معروف اداکار رشی کپور نے مرنے سے پہلے پاکستان دیکھنے کی خواہش کا اظہار کردیا۔

ماضی میں پاکستان سے متعلق متنازع یا قدرے پاکستان مخالف ٹوئیٹ کرنے والے اداکار رشی کپور نے مملکت خداداد دیکھنے کی خواہش کا اظہار بھی اپنی ایک ٹوئیٹ کے ذریعے کیا۔

65 سالہ اداکار نے مقبوضہ جموں و کشمیر کے سابق وزیر اعلیٰ فاروق عبداللہ کے ایک بیان کے بعد ایک ٹوئیٹ کی، جس میں انہوں نے پاکستان دیکھنے کی خواہش بھی ظاہر کی۔

رشی کپور کا اپنی ٹوئیٹ میں کہنا تھا کہ ان کی عمر 65 برس ہوچکی، اور وہ مرنے سے قبل ایک بار پاکستان دیکھنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے وضاحت کی کہ وہ مرنے سے قبل پاکستان دیکھ کر اپنے بچوں اور نئی نسل کو اپنے آباؤ اجداد کی جنم بھومی سے ہمکنار کرنا چاہتے ہیں۔

رشی کپور نے یہ ٹوئیٹ ایسے وقت میں کی جب کہ فاروق عبداللہ نے اپنے ایک بیان میں مقبوضہ کشمیر کی مزید خودمختاری کا مطالبہ کیا۔

سابق وزیر اعلیٰ جموں و کشمیر کا اپنے بیان میں کہا کہ مسائل حل کرنے کا یہی ایک طریقہ ہے کہ کشمیر کو ’آزادی‘ دی جائے، اور جموں کا علاقہ آزادی کے بعد بھی یہی رہے گا۔

خیال رہے کہ رشی کپور کے آباؤ اجداد کا تعلق پاکستان کے صوبہ خیبرپختونخوا سے تھا، ان کے بڑے پشاور میں مقیم تھے۔

رشی کپور کے آباؤ اجداد کا گھر 1918 میں بنا، جس کی 1922 میں دوبارہ تعمیر بھی کی گئی۔

بعد ازاں تقسیم ہند کے وقت رشی کپور کے آباؤ اجداد پاکستان سے ہندوستان منتقل ہوئے، اور رشی کپور وہیں پیدا ہوئے۔

رشی کپور نے 1970 سے فلمی اپنے والد و اداکار راج کپور کی تیار کردہ فلم ’میرا نام جوکر‘ سے فلمی کیریئر کا آغاز کیا۔

لگ بھگ 100 فلموں میں مرکزی کردار ادا کرنے والے 65 سالہ اداکار نے 1980 میں اداکارہ نیتو سنگھ سے شادی کی، جن سے انہیں 2 بچے ہیں۔

رشی کپور کے بیٹے رنبیر کپور کا شمار بولی وڈ کے مقبول اداکاروں میں ہوتا ہے، ان کی بیٹی ریدھما کپور تاحال فلمی دنیا میں نہیں آئیں۔

رشی کپور کو شاندار اداکاری کے باعث نیشنل، فلم فیئر اور لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ سمیت متعدد ایوارڈز بھی مل چکے ہیں۔

install suchtv android app on google app store